فیصل آباد؛ بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں جماعت اسلامی اور ن لیگ کے راہنماؤں کا رابطہ ، اتفاق رائے سے حصہ لینے کا فیصلہ

جمعرات 3 ستمبر 2015 17:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں جماعت اسلامی اور ن لیگ کے راہنماؤں کا رابطہ، مسلم لیگ اورجماعت اسلامی فیصل آباد کے رہنماؤں سیاسی پالیسی میں تبدیلی ، بلدیاتی انتخابات میں اتفاق رائے سے حصہ لینے کا فیصلہ ، بابائے سیاست پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماچوہدری شیرعلی کا فیصل آباد کی سیاست میں ایک اور جھٹکا،تحریک انصاف کے ساتھ صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان گروپ کو پریشانی کا سامنا۔

اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء کے مطابق سابق ایم پی اے خواجہ اسلام کی رہائش گاہ پر دونوں جماعتوں کے قائدین کا اجلاس، ن لیگ کے وفد کی قیادت چوہدری شیر علی جبکہ جماعت اسلامی کی نمائندگی انجینئر عظیم رندھاوا نے کی،سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی۔

(جاری ہے)

گزشتہ شب سابق ایم پی اے خواجہ اسلام کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں ن لیگ کی طرف سے سابق میئر چوہدری شیر علی،ارکان قومی اسمبلی رانامحمد افضل ، حاجی محمد اکرم انصاری،ممبر صوبائی اسمبلی راؤ کاشف رحیم جبکہ جماعت اسلامی کی طرف سے صدر ضلعی سیاسی کمیٹی انجینئر عظیم رندھاوا،سابق ایم پی اے ملک محمد دین،میاں طاہر ایوب اور زمان خان نیازی نے شرکت کی۔

اجلاس میں دونوں جماعتوں کے راہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں دونوں جماعتیں مشترکہ امیدوار کھڑے کریں گی ،امیدواروں کے ناموں پرغوروغوض اور اتفاق رائے قائم کرنے کے لئے متفقہ طور پر ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس میں ن لیگ کی نمائندگی سابق ایم پی اے خواجہ اسلام ، ممبر صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل اور رانا عجاز احمد کریں گے جبکہ جماعت اسلامی کی طرف سے ضلعی سیاسی کمیٹی کے صدر انجینئر عظیم رندھاوااورجنرل سیکرٹری میاں طاہر ایوب اس کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔

اس نئی سیاسی صورتحال سے جماعت اسلامی اور مسلم لیگ ن کا بلدیاتی انتخابات میں دونوں جماعتوں کی پارٹی پوزیشن بہترہوگئی ہے جبکہ جماعت اسلامی اور ن لیگ کے اتحاد سے تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں ساتھ ساتھ صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں گروپ کو بھی پریشانی کا سامناہوگا۔