بھارتی لڑکی گیتا کی حوالگی کی درخواست مسترد کردی،درخواست گزار کو حوالگی کیلئے سفارتی طریقہ کار استعما ل کرنے کی ہدایت

جمعرات 3 ستمبر 2015 16:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) کراچی کی مقامی عدالت نے بھارتی لڑکی گیتا کی حوالگی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کو کہاہے کہ حوالگی کے لئے سفارتی طریقہ کار استعما ل کیا جائے،بھارتی وکیل مومن ملک نے درخواست دائر کی تھی کہ گیتا کا تعلق بھارت سے ہے اور وہ بھارت میں پیدا ہوئی،اسے اس کے خون کے نمونے حاصل کر کے اصل لواحقین تک پہنچایا جائے،تاہم اس درخواست کوبھی عدالت نے مسترد کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کراچی کی مقامی عدالت میں بھارتی لڑکی گیتاکی حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔مقامی عدالت نے بھارتی لڑکی گیتا کا ریکارڈ بیان کیا ،گیتا نے اشاروں سے اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ فیصل ایدھی نے مجھے زبردستی نہیں رکھا ہوا تھا بلکہ میں فیصل ایدھی کے ساتھ گھر جانا چاہتی ہوں۔

(جاری ہے)

گیتا نے نے اپنے اشاروں سے دئے گئے بیان میں عدالت کو بتایا کہ وہ 15 سال سے پاکستان میں رہ رہی ہے اور اسے لاہور سے پولیس نے گرفتار کیاتھا ۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ گیتا کے خون کے نمونے حوالے کئے جائیں تا کہ اس کے خاندان کا تعین کیا جا سکے۔ عدالت نے گیتاکی حوالگی کیس کا فیصلہ محفوظ کرنے کے بعد سہ پہر اڑھائی بجے فیصلہ سناتے ہوئے گیتا حوالگی کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کو حوالگی کیلئے سفارتی طریقہ کار استعما ل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔