کراچی، ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ایک ہی گروپ کے ملوث ہونے کا انکشاف

جمعرات 3 ستمبر 2015 16:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء)شہر میں گزشتہ دنوں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ایک ہی گروپ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔پولیس نے گلبائی میں ٹریفک پولیس اہلکاروں پر حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مرتب کر لی ہے واقعہ کے وقت 10 ٹریفک اہلکار روڈ پر موجود تھے ،2 اہلکاروں کے پاس ایس ایم جیز تھیں۔

(جاری ہے)

لیکن تربیت نہ ہونے کی وجہ سے مقابلہ نہیں کرسکے رپورٹ کے مطابق پولیس کو جائے وقوع سے 9 ایم ایم پستول کی گولیوں کے 10 خول ملے ہیں جنہیں فرانزک کے لیئے لیبارٹری بھوادیا گیا ہے گلبائی صدراور گلشن اقبال میں پولیس پر حملوں کی وارداتوں میں مماثلت ہے۔

رپورٹ کے مطابق واقعہ کے وقت دس ٹریفک اہلکار روڈ پر موجود تھے جن میں دو ٹریفک پولیس اہلکاروں کے پاس ایس ایم جیز بھی تھیں لیکن ٹریفک پولیس اہلکار طویل عرصے سے تربیتی کورس نہ ہونے کی وجہ سے اسلحہ استعمال نہیں کر سکے جس کی وجہ سے دہشت گرد آسانی سے فرار ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں نے اہلکاروں پر فائرنگ کی جن کی عمریں 20 سے 28 سال کے درمیان تھیں عینی شاہد ٹریفک اہلکاروں کے مطابق دہشت گردوں کے چہرے کھلے ہوئے تھے اور وہ پینٹ شرٹ میں ملبوس تھے دہشت گرد گلبائی کی طرف سے آئے اور شیر شاہ کی جانب فرار ہوگئے۔