سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عاصم حسین کی نجی اسپتال منتقلی کی درخواست مسترد کردی

جمعرات 3 ستمبر 2015 16:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) سندھ ہائیکورٹ نے سندھ ہائر ایجوکیش کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین کی نجی اسپتال منتقلی کی درخواست مسترد کردی ہے۔ عدالت نے رینجرز کو ہدایت کی کہ ڈاکٹر عاصم کی اہلیہ کی موجودگی میں طبی ٹیسٹ کروائے جائیں،سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس سجاد علی شاہ نے ڈاکٹر عاصم کی اسپتال منتقلی سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔

ڈاکٹرعاصم کی اہلیہ کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا کہ ان کے شوہرمختلف بیماریو ں میں مبتلا ہیں لہذا انہیں نجی اسپتال منتقل کیا جائے۔رینجرز کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کوئی بڑا شخص گرفتار ہو جائے تو کیا اسے اسپتال میں داخل کرا دیں؟ رینجرز کے ڈاکٹرز بہتر نگہداشت کر رہے ہیں، تمام ٹیسٹ نجی اسپتال کی لیبارٹری سے کروائے گئے،ایک اسپیشلسٹ اور دو نرسیں 24 گھنٹے ڈاکٹر عاصم کی نگرانی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

کسی کی خواہش پر ڈاکٹر عاصم کواسپتال کے بستر پر نہیں لٹا سکتے ، وہ ہماری تحویل میں ہیں ، انہیں کچھ ہوتا ہے تو ہم ذمہ دار ہونگے۔، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست نمٹا دی۔عدالت نے قرار دیا کہ ڈاکٹر عاصم کو ہسپتال منتقل نہیں کیا جا سکتا ، عدالت نے رینجرز کو ہدایت کی کہ ڈاکٹر عاصم کو تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کے تمام ٹیسٹ ان کی اہلیہ اور بیٹی کی موجودگی میں کروائے جائیں۔ ، سماعت کے دوران ڈاکٹرعاصم اور رینجرز کے وکلا کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔