پنجاب فوڈ اتھارٹی ، محکمہ لائیو اسٹاک کامختلف شہروں میں کریک ڈاؤن ،4 ہزار کلو گرام سے زائد مضر صحت گوشت برآمد ،17افراد کو گرفتار ،سرگودھا میں حکومتی مذبح خانے سے بھی 1600 کلو مضر صحت گو شت برآمد ، ٹھیکیدار گرفتار ،ڈاکٹر کو معطل کرنے کیلئے کارروائی کا آغاز

مردہ اور مضر صحت گوشت کی فروخت بارے میڈیا رپورٹس کے بعد بڑے اور چھوٹے گوشت کی فروخت میں بڑے پیمانے پر کمی

جمعرات 3 ستمبر 2015 15:03

لاہور/راولپنڈی/شیخوپورہ/مظفر گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیو اسٹاک نے مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 4000 کلو گرام سے زائد مضر صحت گوشت برآمد کر کے 17 افراد کو گرفتار کر لیا ،سرگودھا میں حکومتی مذبح خانے سے بھی 1600 کلو مضر صحت گو شت برآمد کر کے ٹھیکیدار کو گرفتار کر لیاگیا جبکہ محکمہ لائیو اسٹاک نے ڈاکٹر کو معطل کرنے کیلئے حکومت کو خط ارسال کر دیا ، مردہ اور مضر صحت گوشت کی فروخت کے حوالے سے میڈیا میں رپورٹس آنے کے بعد لاہور سمیت دیگر شہروں میں بڑے اور چھوٹے گوشت کی فروخت میں بڑے پیمانے پر کمی واقع ہوئی ہے ۔

محکمہ لائیو اسٹاک نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے 1600 کلو مضر صحت گوشت برآمد کر کے 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

گوشت منڈی بہا اؤلدین سے لاکر راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جارہاتھا۔ تینوں ملزمان کے خلاف تھانہ وارث خان میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔محکمہ لائیو اسٹاک نے سرگودھا میں حکومتی مذبح خانے پر چھاپہ مار کر 1600 کلو مضر صحت گو شت برآمد کر کے ٹھیکیدار کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق حکومتی مذبح خانے میں ڈاکٹر اور ٹھیکیدار کی ملی بھگت سے مضر صحت گوشت آگے سپلائی کیا جاتا تھا۔ محکمہ لائیو اسٹاک نے ڈاکٹر کو معطل کرنے کے لئے حکومت کو خط ارسال کر دیا ہے۔شیخوپورہ میں جی ٹی روڈ پر بھی محکمہ لائیو اسٹاک نے کارروائی کر کے 1200 کلو گوشت برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بھی لاہور کے علاقوں کرول گھاٹی اور ٹھوکر نیاز بیگ میں چھاپے مار کر 550 کلو گرام مضر صحت گوشت پکڑ لیا۔لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ سے 300 کلو گرام جبکہ کرول گھاٹی کے مقام سے 250 کلو مضر صحت گوشت پکڑا گیا۔ پولیس نے 9 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔مظفرگڑھ میں محکمہ لائیو اسٹاک نے مختلف قصابوں کی دکانوں پرچھاپے مار کر 40 کلو ناقص گوشت برآمد کر کے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔دوسری طرف مردہ اور مضر صحت گوشت کی فروخت کے حوالے سے میڈیا میں رپورٹس آنے کے بعد بڑے اور چھوٹے گوشت کی فروخت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور اس کاروبار سے وابستہ افراد شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :