لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اقبال نےیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر انتظام چار ستمبر کو ہونے والے پوسٹ گریجوایٹ امتحانات رکوانے کے لئے دائر درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی.

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 3 ستمبر 2015 14:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) > لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزاروں کے وکیل نوشاب اے خان نے موقف اختیار کیا کہ چار ستمبر کو ایم ڈی اور ایم ایس کے امتحانات کا شیڈول جاری ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ طالبعلموں نے طے شدہ پرانے سلیبس کے مطابق ایم ڈی اور ایم ایس کی کلاسوں میں داخلے لئے اور اپنے امتحانات کی تیاری کی۔

یونیورسٹی کی جانب سے طالبعلموں کے امتحانات پرانے سلیبس کی بجائے ترمیم شدہ نئے سلیبس کے تحت لئے جا رہے ہیں جو کہ طالبعلموں کے بنیادی حقوق اور قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اگر طالبعلموں کے امتحانات پرانے سلیبس کے مطابق نہ لئے گئے تو ان کا مستقبل داو پر لگ جائے گا لہذا عدالت چار ستمبر کو ہونے والے امتحانات روکنے کے احکامات صادر کرئے۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسی نوعیت کی درخواستیں دوسرے بنچزمیں زیر سماعت ہیں.جس پر عدالت نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر انتظام چار ستمبر کو ہونے والے پوسٹ گریجوایٹ امتحانات رکوانے کے لئے دائر درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی.عدالت نے درخواست چیف جسٹس کو واپس بھجواتے ہوئے تمام مقدمات ایک ہی عدالت میں سماعت کے لئے بھجوانے کی سفارش کر دی. عدالت کی جانب سے رجسٹرار یوایچ ایس کو پہلے ہی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا گیا ہے