لا ہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے تین الیکشن ٹربیونلز کی مدت ملازمت میں توسیع نہ دینے کے خلاف دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا.

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 3 ستمبر 2015 14:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار غلام حسین نثار کے وکیل ڈاکٹر باسط نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کی منشا کے مطابق تینوں الیکشن ٹربیونلز کی مدت میں کئی مرتبہ اضافہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کاظم علی ملک پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے سردار ایاز صادق،جاوید رشید محبوبی پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے خواجہ سعد رفیق اور رانا زاہد پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے صدیق بلوچ کے حلقوں میں دوبارہ انتخابات کے فیصلے دئیے جس کی بنا پر وفاقی حکومت کے کہنے پر الیکشن کمیشن تینوں الیکشن ٹربیونلز کی مدت میں توسیع نہیں کر رہا۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ تینوں الیکشن ٹربیونلز کی مدت اکتیس اگست کو ختم ہو چکی ہے جس کی وجہ سے ان الیکشن ٹربیونلز کے پاس زیر التوا مقدمات کو نہیں نمٹایا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابی ٹربیونلز کی مدت کی معیاد مقرر کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے.انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ زیر التوا انتخابی عذر داریاں نمٹانے تک تینوں الیکشن ٹربیونلز کی مدت میں توسیع کے احکامات صادر کئے جائیں. الیکشن کمیشن کو دو ہفتوں کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا.