پنجاب میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 3 ستمبر 2015 14:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) یہ درخواست پاکستان جسٹس پارٹی کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے مرحلہ وار بلدیاتی انتخاب کے پہلے مرحلے کا شیڈول بدنیتی کی بنیاد پر جاری کیا۔آئین اور عوامی نمائندگی ایکٹ میں مرحلہ وار انتخابات کرانے کا کوئی جواز موجود نہیں ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے من پسند حلقوں اور اضلاع کا انتخابی شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جو کہ آئین کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ایک ہی ڈویژن کے ایسے اضللاع کا انتخابی شیڈول جاری کیا ہے جہاں سے حکومتی جماعت کے ممبران اسمبلی منتخب ہوئے ہیں مگر اسی ڈویژن کے ایسے اضلاع کا انتخابی شیڈول جاری نہیں کیا جہاں سے اپوزیشن کے اراکین اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت تیرہ اضلاع کے لئے جاری شیڈول کو کالعدم قرار دیا جائے جبکہ پورے صوبے میں یکساں طور پر ایک ہی روز بلدیاتی انتخابات کرانے کے احکامات صادر کئے جائیں۔