پنجاب فوڈ اتھارٹی پورے پنجاب میں کارروائیاں کررہی ہے‘ غیر معیاری اشیاء خوردونوش کے حوالے سے باقاعدہ قانون سازی کی گئی ،صوبائی وزیر خوراک

جمعرات 3 ستمبر 2015 14:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں ہی نہیں بلکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی پورے پنجاب میں کارروائیاں کررہی ہے۔ ناقص اور غیر معیاری اشیاء خوردونوش کے حوالے سے باقاعدہ قانون سازی کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز نے مہم میں نکھار پیدا کیاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز 90شاہراہ قائداعظم میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صحت مند اور حلال خوراک کے معاملے میں وزیراعلیٰ پنجاب انتہائی سنجیدہ ہیں۔ اس حوالے سے کئی کئی گھنٹے میٹنگیں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی پورے پنجاب میں کارروائیاں کر رہی ہے۔ فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کا باقاعدہ ریکارڈ موجود ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں چند ہفتوں سے باقاعدہ طور پر اطلاعات موصول ہورہی تھیں کہ لاہور میں سور کے گوشت کی سپلائی ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت ساری چیزوں کو موقع پر چیک کرنے کی لیبارٹری موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنڈی سے لاہور لایا جانیوالا حرام گوشت ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھجوادیا گیا ہے۔ لیبارٹری رپورٹ سے قبل اس کو سور کا گوشت ڈکلیئر کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ غیر فطری عمل لگتا ہے کہ گوشت کو راولپنڈی سے لاہور بھجوایا گیا بذریعہ ٹرین اور بلٹی جس شخص کے نام پر ہے وہ اب تک سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ حرام گوشت کو لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوایا گیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک شہر سے دوسرے شہر میں کیے جانیوالے کاروبار قطعی متاثر نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو بہت ساری مشکلات اور مختلف نوعیت کی غیر پسندیدگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بہت سارے معاملات میں پارٹی سامنے آجاتی ہے اور وہ ہماری لیبارٹریز کی رپورٹوں کو تسلیم نہیں کرتی۔

اس کے لیے بھی ہمارے پاس انتظامات موجود ہیں جن میں فی الحال نام نہیں لینا چاہتا۔ انہوں نے ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ناقص اور غیر معیاری خوراک کے حوالے سے ڈائریکٹر آپریشنز عائشہ ممتاز کے کارنامے سراہے جانے کے قابل ہیں ۔ انہوں نے اس مہم میں نکھار پیدا کردیاہے۔

متعلقہ عنوان :