بھارت کا 69 چھوٹی آئل اورگیس فیلڈ پرائیویٹ کمپنیوں کو نیلام کرنے کا فیصلہ

جمعرات 3 ستمبر 2015 14:01

نئی دہلی ۔ 3 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) بھارت کی حکومت نے 69 چھوٹی آئل اورگیس فیلڈ پرائیویٹ کمپنیوں کو نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر تیل دھرمیندرہ پرادھن نے کہا ہے کہ ملک کی 69 چھوٹی آئل اور گیس فیلڈ میں تلاش اور پیداوار کے کام کیلئے انہیں نجی کمپنیوں کو نیلام کیا جائے گا جوملکی اور غیرملکی دونوں ہوسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت جو کہ تیل استعمال کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے۔ پرائیویٹ اور غیرملکی شراکت داری کے ساتھ مقامی سطح پر تیل اورگیس کی پیداوار بڑھانے کا خواہشمند ہے۔ بھارتی وزیر کے مطابق اس سلسلے میں نیلامی آئندہ تین ماہ کے بعد شروع ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی چھوٹی آئل فیلڈز میں اندازاً89 ملین ٹن سے 700ارب روپے(10.57 ارب ڈالر)کے ذخائرموجود ہیں۔