ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف کسٹمز کلیئرنس ایجنٹس کا شاہراہ ایوان تجارت کے باہر احتجاجی مظاہرہ جا ری

جمعرات 3 ستمبر 2015 13:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) صوبائی دارالحکومت میں ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف کسٹمز کلیئرنس ایجنٹس کا شاہراہ ایوان تجارت کے باہر احتجاجی مظاہرہ تیسرے روز میں داخل ہوگیا۔ مظاہرین نے چائنہ چوک سے گورنر ہاؤس جانیوالی سڑک بلاک کردی جس کے باعث سروسز ہسپتال اور گنگارام ہسپتال جانیوالے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق کسٹمز کلیئرنس ایجنٹس نے ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف گزشتہ روز احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے چائنہ چوک سے گورنر ہاؤس تک جانیوالا روڈ بلاک کردیا۔ مظاہرین نے کہا ہے کہ باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والے ودہولڈنگ ٹیکس کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتے۔ حکومت ٹیکس کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظرثانی کرے۔ مظاہرین نے کہا کہ ہمارا سارا کاروبار قاعدے اور قانون کے مطابق ہے ہم اپنے کاروبار یا منافع پر واجب ٹیکس کی ایک ایک پائی بھی باقاعدگی سے اداکرتے ہیں ودہولڈنگ ٹیکس کا بوجھ ناقابل برداشت ہے۔

(جاری ہے)

حکومت ودہولڈنگ ٹیکس کے حوالے سے پالیسی میں نظر ثانی کرے۔ کسٹمز کلیئرنس ایجنٹس کی ہڑتال کے باعث پروازوں کے گارگو کا نظام معطل ہوکر رہ گیا جبکہ احتجاجی مظاہرے کے باعث روڈ بلاک کرنے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ رش میں پھنسے ہوئے شہری مظاہرین اور حکومتی پالیسیوں کو کوستے رہے۔ شاہراہ ایوان تجارت بندہونے کے باعث سروسز ہسپتال اور سرگنگارام ہسپتال جانیوالے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔