منی لانڈرنگ کے ذریعے رقم بیرون ملک منتقل کرنے کی تحقیقات آخری مراحل داخل ہوگئی

جمعرات 3 ستمبر 2015 13:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء)ہنڈی کے ذریعے رقم کی ترسیل اور غیر قانونی طریقے سے جائیدادیں بنانے کے معاملے پر چار ماہ قبل شروع ہونیوالی تحقیقات اپنے آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ایف آئی اے اہم گرفتاریاں کرسکتی ہے جس کیلئے گرین سگنل کا انتظار ہے۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے نے بیرون ملک سے ہنڈی حوالے کے ذریعے غیر قانونی طور پر خریدی جانیوالی جائیدادوں پر پاکستانیوں سے جو تفتیشی عمل شروع کیا تھا وہ اب آخری مراحل میں داخل ہوگیا ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے60 سے زائد افراد کو نوٹس جاری کئے اور بیشتر افراد نے اپنے بیان ریکارڈ کروادیئے ہیں۔

جائیداد کی اس خریداری میں با اثر اہم شخصیات، سیاستدان،سرکاری افسران اور کاروباری شخصیات تک شامل ہیں۔بیرون ملک غیر قانونی طور پر رقم کی ترسیل سے اثاثوں کی خریداری کے حوالے سے چار ماہ قبل تحقیقات کا آغاز ہوا تھا۔اب یہ تحقیقات اپنے آخری مراحل میں ہیں۔ذرائع کے مطابق جن افراد نے تا حال نوٹسز کا جواب نہیں دیا اورایف آئی اے سے رابطہ نہیں کیا انہیں دوبارہ نوٹسز جاری کئے جائیں گے۔جبکہ اہم گرفتاریوں کیلئے حکام کے گرین سگنل کا انتظار ہے۔