پشاور میں طوفانی بارش، مختلف حادثات میں 5افراد جاں بحق،30 زخمی

جمعرات 3 ستمبر 2015 11:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) پشاور میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث مکانوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 5افراد جاں بحق، جبکہ 30افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلا ت کے مطا بق پشاور میں گزشتہ شب شروع ہونے والے بارش اور تیز ہواوں نے شہر اور گرد ونواح میں تباہی مچادی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بارش اور طو فان کے باعث رونما ہونے والے مختلف واقعات میں 5افراد جان بحق اور 30افراد زخمی ہوئے۔

ریسکیو آپریشن کے دوران حادثات سے زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لئے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ بارش اور طوفان کے باعث شہر میں کئی مکانات کی چھتیں زمین بوس ہوگئیں، جبکہ گلبہار کے علاقے میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ ادھر قاضی کلے میں ٹیکسی سٹینڈ میں آسمانی بجلی گرنے سے متعدد رکشے اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

(جاری ہے)

ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں بارش کے ساتھ چلنے والی ہوا کی رفتار 50 ناٹ تھی۔ تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کی وجہ سے زیادہ تباہی ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ شب 47 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش سے شہر کے بیشترعلاقے بھی زیر آب آ گئے ، بارش کا پانی گلیوں اور سڑکوں میں رات گئے تک کھڑا رہا۔