کراچی کے علاقے گلبائی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 1 ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے

وزیر داخلہ سندھ نے فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ اور ڈی آئی جی ٹریفک سے رپورٹ طلب کرلی

بدھ 2 ستمبر 2015 22:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) کراچی کے علاقے گلبائی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 1 ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔ سندھ کے وزیر داخلہ سہیل انور سہیل نے پولیس اہلکاروں پر ہونے والی فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ اور ڈی آئی جی ٹریفک سے واقعے کی رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق شیرشاہ ٹریفک کے 2 اہلکاروں پر گلبائی چوک کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کی شناخت 39 سالہ ہیڈ کانسٹیبل لیاقت ولد عبدالکفایت، 40 سالہ کانسٹیبل خوشی محمد ولد نصیر الدین اور28 سالہ کانسٹیبل نوید کے ناموں سے ہوئی ہے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لا کر ہیڈ کانسٹیبل لیاقت جاں بحق ہوگیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق تینوں اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق تینوں ٹریفک پولیس اہلکار معمول کے مطابق اپنے فرائض کی ادائیگی کررہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ٹارگٹ کرکے فائرنگ کردی۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز پر ٹریفک پولیس کو اپنی حفاظت کے لئے اسلحہ فراہم کیا گیا تھا ۔

دریں اثناء سندھ کے وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے ٹریفک پولیس پر ہونیو الی فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ اور ڈی آئی جی ٹریفک سے واقعے کی رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمی ٹریفک اہلکاروں کے علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ وزیر داخلہ نے ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات بھی جاری کئے ۔