نوجوانوں کو قوم کا سہارا بنانے کیلئے تعلیم عام،نقل کی لعنت سے پیچھا چھڑانا ہوگا‘مہاجر قومی موومنٹ پر بلاجوازآپریشن مسلط کرکے تعلیم عام کرنے کی راہ میں روڑے اٹکائے گئے‘ قوم علمی میراث اور نوجوانوں کا مستقبل بچانے کی کوششوں میں ہماراساتھ دے

مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی ناظم آباد سے آئے مہاجر بزرگوں کے وفد سے بات چیت

بدھ 2 ستمبر 2015 22:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ جب تک مہاجر قوم اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلانا اپنی زندگی کا مقصد نہیں بنائے گی اسوقت تک تک اچھی زندگی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا ،اگر ہم نے تعلیم سے منہ نہ موڑا ہوتا تو آج ہمارا نوجوان جرم کی راہوں پر بھٹکنے یا کارخانوں میں نچلے درجے کی نوکریاں کرنے کی بجائے اپنے گھر والوں کا مضبوط سہارا ثابت ہوتا اور بدحالی و مفلسی کو اپنے علم کی بدولت شکست دیتا۔

وہ بدھ کو نارتھ ناظم آباد سے آنے والے مہاجر بزرگوں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔ آفاق احمد نے کہا کہ باقاعدہ سازش کے تحت مہاجروں سے انکی علمی میراث چھینی گئی۔مہاجر قومی موومنٹ نے بہت پہلے یہ سازش بھانپ لی تھی اورر اسے ناکام بنانے کیلئے مختلف علاقوں میں اسکول ،کالج کھولنے کیلئے ذمین تک حاصل کرلی تھی جو مہاجر دشمن قوتوں کو ایک آنکھ نہ بھائی اور مہاجر قومی موومنٹ کے خلاف غیر اعلانیہ آپریشن مسلط کرکے تعلیم عام کرنے کی راہ میں روڑے اٹکائے گئے۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ اگر اپنا مستقبل محفوظ اور نوجوانوں کو قوم کا توانا سہارا بنانا ہے تو پھر درسگاہوں کو دوبارہ آباد کرنا اور نقل کی لعنت سے پیچھا چھڑا نا ہوگا جس کیلئے مہاجر قومی موومنٹ سنجیدگی کے ساتھ کوششیں کررہی ہے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ اسی میں مہاجروں کی بقاء و سلامتی ہے۔آفاق احمد نے کہاآج بیوروکریسی میں مہاجروں کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے قوم کو مسائل کے حل میں پریشانیوں کا سامنا ہے۔

اس صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے حکمت عملی ترتیب دے چکے ہیں اور پہلے مرحلے میں اسکول گود لینے اور نئے اسکول و کالج قائم کرنے کیلئے تیاریاں جاری ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ دو دہائیوں میں مہاجر قوم بہت خون بہہ چکا اب اس سلسلے کو بند ہونا چاہئے اس لئے میں پوری قوم کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ اپنی علمی میراث اور مہاجروں کا مستقبل بچانے کیلئے آگے آئے ،مہاجر قومی موومنٹ بھرپور ساتھ دے گی۔

متعلقہ عنوان :