معاشرے میں سپیشل افراد کی قبولیت کے لئے یوتھ اپنابھرپور کردار اداکرے،حکومت پنجاب سپیشل افراد کی فلاح و بہبود کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے‘ ملازمتوں کے کوٹے پر سختی سے عملدرآمد ہو گا،وزیراعلیٰ شہبازشریف نوجوان نسل سے خصوصی انسیت رکھتے ہیں‘ نوجوانوں کے لئے سپورٹس یونیورسٹی بنائی جائے گی

صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت رانا محمد ارشدکا وائی آر سی کے سیمینار سے خطاب

بدھ 2 ستمبر 2015 22:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ سپیشل افراد معاشرے کے لئے چاند ستاروں کی مانند ہیں۔ حکومت پنجاب سپیشل افراد کی فلاح و بہبود کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سپیشل افراد کی سرکاری ملازمتوں کے کوٹے پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔

صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد ارشد نے رائزنگ سن انسٹی ٹیوٹ ڈیفنس میں وائی آر سی کے زیراہتمام ’’پاکستان یوتھ ایکٹیویشن سمٹ برائے شعور آگاہی بابت سپیشل افراد‘‘کے عنوان سے خصوصی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں سپیشل افراد کی قبولیت کے لئے عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کے لئے یوتھ اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نوجوان نسل سے خصوصی انسیت رکھتے ہیں اور نوجوانوں کے لئے صوبہ بھر میں گراؤنڈز کے علاوہ سپورٹس یونیورسٹی کا قیام حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ قبل ازیں رولز اور مواقع‘ سماجی اور معاشی ترجیحات برائے سپیشل افراد کے عنوان سے سیمینار کے پہلے سیشن میں ماہرین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سپیشل افراد کو بے چارہ کہہ کر بے جا ہمدردی سے ان کی دل شکنی نہیں کرنی چاہیے۔

دوسرے سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے ماہرین نے بتایا کہ سپیشل افرادکو معاشرے کااہم رکن ہونے کی حیثیت سے خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ سپیشل افراد کی سماجی اہمیت کاشعوربیدار کرنے کے لئے نوجوان نسل چینج ایجنٹ کارول اداکر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل افراد کو گھر میں رکھنے کی بجائے تعلیم اور ہنر سے آراستہ کریں تاکہ وہ معاشرے میں اپنا مفید کردار ادا کر سکیں۔

اس موقع پرسینیٹر عائشہ رضا‘ مسز فضل مختار‘ ڈاکٹر عبدالتواب نے سپیشل اولمپکس میں گولڈ‘ سلور اور برونز میڈل جیتنے والے سپیشل افرادفرحان فاروقی‘ نازیہ مجید‘ عمران خان‘ مدثرمرزا‘ بلال خان‘ انور حسین‘ عدیل عامر‘ حسین عباس زیدی‘ قراۃالعین‘ اسمارا مرزا‘ بلال اویس‘ محمد علی طاہر‘ عبدالمجید‘ اسد علی‘ عنان احمد‘ماروی اظہر‘ محمد علی‘ عزیرشوکت‘ محمد عثمان‘ سہیل یوسف‘ شعیب رضا‘ عثمان سلیم‘ حمزہ مدثر‘ فیصل رقیہ لطیف اور کھلاڑیوں کے کوچ اور ٹرینر کو خصوصی میڈلز اور سوینئرز پیش کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :