عبدالحفیظ پیرزادہ دیانتدار ماہر آئین وقانون تھے ‘ مشرف

حفیظ پیرزادہ کا انتقال مشرف کا اظہار افسوس‘ مرحوم کیلئے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا

بدھ 2 ستمبر 2015 21:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء)آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل(ر) پرویزمشرف نے معروف قانون دان عبدالحفیظ پیر زادہ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ عبدالحفیظ پیرزادہ قابل او ردیانتدار ماہر آئین و قانون تھے اور کئی بار ان کی مشاورت سے آئینی بحرانوں کا حل ممکن ہوا اسلئے ان کی وفات سے آئینی مشاورت کے شعبہ میں پیداہونے والا خلاء تادیر برقرار رہے گا ۔

دوسری جانب آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر شہاب الدین شاہ حسینی اور جنرل سیکریٹری شاہد قریشی نے گیس قیمتوں میں 60فیصد اضافے کو عوام پرظلم کا ایک اور وار قرار دیا ۔

(جاری ہے)

سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید کے مطابق اے پی ایم ایل رہنماؤں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں تین روپے کی معمولی سی کمی عوام کی توجہ گیس قیمتوں میں 60فیصد اضافے سے ہٹانے کیلئے کی گئی حالانکہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں انتہائی نچلی سطح پر آجانے کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں واضح کمی ہونی چاہئے تھی مگر حکومت عوامی مفادات کی بجائے سرمایہ داروں ‘ کوٹہ ہولڈروں ‘ بیرونی کمپنیوں اور کمیشن خوروں کے مفادات کیلئے عوام کو ٹیکسوں اور مہنگائی کی چکی میں پیس رہی ہے اور عوام پر آہستہ آہستہ روایتی سیاستدانوں کا اصل چہرہ بے نقاب ہوتا جارہا ہے ۔