پشاور، ناظمین و نائب ناظمین انتخابات،تحریک انصاف نے پارٹی مخالف امیدواروں کو ووٹ دینے ،انتخابات والے روز غیر حاضر رہنے والے 51ضلع ،تحصیل ممبران کیخلاف کاروائی کا آغاز کردیا

بلدیاتی انتخابات میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر سینیٹر اعظم سواتی ،رکن اسمبلی یاسین خلیل کیخلاف بھی کاروائی کا فیصلہ کیاگیا ہے،پرویزخٹک،فضل خان

بدھ 2 ستمبر 2015 21:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف نے ناظمین اور نائب ناظمین کے حالیہ انتخابات میں پارٹی مخالف امیدواروں کو ووٹ دینے اور انتخابات والے روز غیر حاضر رہنے والے 51ضلع اور تحصیل ممبران کے خلاف کاروائی کا آغاز کردیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر سینٹر اعظم سواتی اور رکن اسمبلی یاسین خلیل کے خلاف بھی کاروائی کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

وزیر اعلی ہاؤس میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبے کے چیف ایگزیکٹو پرویز خٹک اور تحریک انصاف کے آرگنائزر فضل خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے ایسے تمام ضلع اور تحصیل ممبران کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے حالیہ ضلعی اور تحصیل ناظمین کے انتخاب میں پارٹی امیدواروں کی بجائے آزاد یادیگر جماعتوں کے امیدواروں کو ووٹ دیئے یا وہ الیکشن والے دن غیر حاضر رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیگر جماعتوں کے امیدواروں کو ووٹ دینے یا الیکشن والے روز غیر حاضر رہنے کی وجہ سے تحریک انصاف کے امیدواروں کو کئی اضلاع اور تحصیلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے ضلع ایبٹ آبادمیں پارٹی امیدوار کے خلاف آزاد حیثیت میں انتخاب میں حصہ لینے اور ضلع ناظم بننے والے تحریک انصاف کے دیرینہ رہنما شیر بہادر خان کے خلاف بھی کاروائی کا اعلان کیا۔

تحریک انصاف ایسے 51ممبران کے خلاف کاروائی کا اعلان کرچکی ہے جنہوں نے پارٹی کی بجائے دیگر امیدواروں کو ووٹ دیئے یا الیکشن والے دن ووٹ پول نہیں کیا۔ ان میں پشاور ٹاؤن تھری کے 10ممبران کے علاوہ چارسدہ میں 1، ضلع بونیر 11، بونیر کی تحصیل گاگرہ 3، ایبٹ آباد 11، تحصیل حویلیاں 4 اور ضلع مانسہرہ کے 4ممبران شامل ہیں۔مذکورہ ممبران کے خلاف بلدیاتی نظام کے اس ترمیمی مسودے کے تحت کاروائی کی جارہی ہے جس کے رو سے اگر کوئی منتخب ممبر پارٹی کی بجائے کسی اور جماعت کے امیدوار کو ووٹ دے گا تو وہ نااہل قراردے دیا جائے گا۔

تحریک انصاف کی قیادت نے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پارٹی کے سابق صوبائی صدر سینیٹر اعظم سواتی اور وزیر اعلی کے سابق مشیر اور تحریک انصاف کے رکن اسمبلی یاسین خلیل کے خلاف بھی کاروائی شروع کردی ہے۔