کرپٹ افراد کی گرفتاریوں سے جمہوریت کمزور نہیں مضبوط ہوگی‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

لوٹ مار کرنے والوں کو تحفظ دینا جمہوریت دشمنی ہے، کرپشن اور دہشت گردی کا خاتمہ قومی ضرورت ہے‘صاحبزادہ حامدر ضا

بدھ 2 ستمبر 2015 20:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کرپٹ افراد کی گرفتاریوں سے جمہوریت کمزور نہیں مضبوط ہوگی، لوٹ مار کرنے والوں کو تحفظ دینا جمہوریت دشمنی ہے، کرپشن اور دہشت گردی کا خاتمہ قومی ضرورت ہے، کرپٹ سیاستدانوں کے سیاہ کارناموں کی وجہ سے عوام کا سیاست پر اعتماد اور اعتبار ختم ہوگیا ہے، حکومت پٹرول عالمی قیمتوں کے مطابق سستا کرے،مایوس کن کارکردگی کے سبب حکومت اپنی مدت پوری کرتی نظر نہیں آتی، بدعنوانی اور دہشت گردی کا چولی دامن کا تعلق ہے، فوج سیاسی نظام کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی شادباغ میں استحکام پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بننے والے جسٹس نجفی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے۔ ملک کو چراگاہ سمجھنے والوں کے برے دن آگئے ہیں۔ سیاستدانوں کے واویلا سے کراچی آپریشن اور کرپشن کے خلاف کاروائیاں رک نہیں سکتیں۔

پنجاب میں بھی احتساب کا کوڑا برسنا چاہیے۔ ملک مکا کی سیاست کا دوسرا نام مفاہمت کی سیاست ہے۔ ہمارے سیاستدان اور حکمران عوام سے انتقام لینے کو جمہوریت سمجھتے ہیں۔ کسی بھی بااثر شخصیت کو قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے۔ معاشی دہشت گردوں کو عبرت کا نشان بنانا ضروری ہے۔ شرجیل میمن وعدہ معاف گواہ بننے والا ہے۔ فوج نے عذاران وطن پر زمین تنگ کردی ہے۔ قوم کرپشن کے معاملے میں مٹی پاؤ پالیسی نہیں چلنے دے گی۔ سیمینار سے مفتی محمد حسیب قادری، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، راؤ حسیب احمد، حاجی رانا شرافت علی قادری اور صاحبزادہ معاذ المصطفےٰ قادری نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :