اداروں کے کلچر میں مثبت تبدیلی کے لئے تربیتی پروگرام بہت ضروری ہیں ‘ وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران

بدھ 2 ستمبر 2015 20:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء )پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ اداروں کے کلچر میں مثبت تبدیلی کے لئے مسلسل تربیتی پروگراموں کی افادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔ وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتما م انسٹی ٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹیو سائنسز کے آڈیٹوریم میں نان ٹیچنگ سٹاف کے ٹریننگ پروگرام کے ساتویں اور آٹھویں دستوں کے لئے منعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ٹریننگ پروگرام کے فوکل پرسن ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ طارق مجید قریشی ، انچارج ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ایڈمنسٹرییٹو سائنسز اور اسسٹنٹ پروفیسر محمد زاہد، کوآرڈینیٹر انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائیکالوجی کی اسسٹنٹ پروفیسر شازیہ خالد، قائم مقام خزانہ دار راؤ محمد شریف ، ڈاکٹر نعمانہ امجد اور تربیتی پروگرام میں حصہ لینے والے شرکاء موجود تھے ۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر مجاہد کامران نے شرکا ء کو مبارک باد پیش کی ۔بعد ازاں شرکاء نے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے پروگرام کو خوش آئند قرار دیا۔