مضر صحت اور مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

لائیوسٹاک اور ضلع حکومت کے افسران پر مشتمل ٹیموں نے 346441کلوگرام غیرمعیاری گوشت تلف کیا‘چوہدری محمد ارشد جٹ

بدھ 2 ستمبر 2015 20:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء )وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی چوہدری محمد ارشد جٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مردہ، بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔ محکمہ لائیوسٹاک اور ضلعی حکومتوں کے افسران پر مشتمل ٹیموں نے 346441کلوگرام غیرمعیاری گوشت تلف کیا۔

اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث 3268افراد کو گرفتارکیاگیا اور 2664مقدمات درج کئے گئے جبکہ آپریشن کے دوران 2398050روپے جرمانہ کیاگیا۔ یہ بات انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں غیرمعیاری اور حرام گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے غیرمعیاری، مردار، حرام گدھے اور گھوڑے کاگوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف جاری آپریشن کو تیز کیاگیا تاکہ جلداز جلد حرام اور غیر معیاری گوشت کی فروخت کا سلسلہ بندہوسکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مستقل بنیادوں پر اس گھناؤنے کاروبار کے خاتمے کیلئے محکمہ لائیوسٹاک کے افسران نے ضلعی حکومتوں کی مدد سے جامع حکمت عملی اپنائی ہے اور مضر صحت گوشت فروخت کرنے والے قانون کی گرفت سے ہرگز نہ بچ سکیں گے۔معاون خصوصی محکمہ لائیو سٹاک ارشد جٹ نے تمام ڈسٹرکٹ لائیو سٹاک افسران کو ہدایت کی کہ مردہ گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور کسی کو بھی عوام کی جان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے-