گیس کی قیمتوں اور پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں ظالمانہ اضافہ قبول نہیں کیا جائے گا ،حافظ نعیم الرحمن

حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن لینے کے بجائے اضافہ واپس لے اور پیٹرولیم مصنوعات میں مزید کمی کا اعلان کرے ،امیر جماعت اسلامی کراچی

بدھ 2 ستمبر 2015 20:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں معمولی کمی کے ساتھ ہی گیس کی قیمتوں میں 10فیصد سے 63فیصد تک اضافے کی شد ید مذمت کر تے ہوئے کہا کہ ظالمانہ اضافے کا یہ فیصلہ کسی صورت میں قبو ل نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پو ری کر نے اور اس سے ڈکٹیشن لینے کے بجائے گیس کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کرے تا کہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے سکے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا کوئی فائدہ عوام کو نہیں مل سکا ۔گیس کی قیمتوں اور پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں اضافہ عوام کے ساتھ سراسر ظلم و نا انصافی ہے ۔

(جاری ہے)

سیلز ٹیکس میں اضافہ کر کے 10سے 12ارب روپے ماہانہ عوام کی جیبوں سے نکالنے کا انتظام کر لیا گیا ہے اس طرح عام آدمی کے گیس کے ماہانہ بلوں میں اضافہ ہو جائے گا ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمرانوں کو عوام کی مشکلات و پریشانیوں سے کوئی سرو کار نہیں ہے ۔آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عمل درآمد کیاجا رہا ہے ۔حکمرانوں کے اپنے بچے تو بیرونِ ملک تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ عوام کو غربت اور مہنگائی کی چکی میں پیسا جا رہا ہے ۔حکمران طبقہ عوام کے مسائل حل کر نے کے بڑے دعوے کر تا ہے لیکن حکمرانوں کا طرزِ عمل اور رویہ سراسر عوام دشمنی پر مبنی ہے ۔عوام کے اندر شدید بے چینی اور اضطراب پا یا جاتا ہے اور حکمرانوں نے اپنا رویہ اور طرزِ عمل تبدیل نہیں کیا تو انہیں عوام کے شدید ردعمل کا سامنا کر نا پڑے گا۔