افسران اور ملازمین کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں،ایم ڈی واٹربورڈ

بدھ 2 ستمبر 2015 20:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) ایم ڈی واٹر بورڈ سجاد عباسی اور وائس چیئرمین واٹر بورڈ و رکن سندھ اسمبلی ساجد جوکھیو نے کہا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران اور ملازمین کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔ افسران و ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لئے1990 میں بنائے گئے آفیسرز کلب کو 10 سال کے بعد ایک بار پھر ازسر نو تزئین و آرائش کے بعد کھول دیا گیا ہے۔

صحت مند ماحول میں ان ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو تفریح کے مواقع کی فراہمی سے جہاں ادارہ صحت مند ہوگا وہاں عوام کو بھی اس کے براہ راست فائدہ حاصل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز واٹر بورڈ کے مرکزی دفتر سے متصل آفیسرز کلب کی ازسر نو تزئین و آرائش کے بعد افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر واٹر بورڈ آفیسرز کلب کے چیئرمین محمد اسلم خان، جنرل سیکرٹری ظہیر عباس زیدی، محسن رضا، خالد شیخ، معراج الدین، شکیل قریشی، افتخار احمد خان، ثاقب خان، عمران زیدی، ندیم احمد، رمضان علی، نثار مگسی، امداد مگسی، امتیاز مگسی، سلیم صدیقی، سلیم احمد، اسد اﷲ خان، حسن اعجاز کاظمی، محسن قائم خانی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ اور چیئرمین واٹر بورڈ نے تختی کی نقاب کشائی کرکے آفیسرز کلب کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ اس کلب کی ازسر نو تزئین و آرائش افسران کی ذاتی دلچسپی کے باعث ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری زیادہ سے زیادہ یہ کوشش ہے کہ ہم واٹر بورڈ کے ملازمین اور افسران کے مسائل کو حل کریں اور انہیں تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

ایک سوال کے جواب میں ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ شہر میں پانی کی قلت پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے اور اب بھی اس سلسلے میں غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ اور واٹر مافیا کے خلاف روزانہ کی بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اس کلب کا افتتاح صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کرنا تھا تاہم وہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے طلب کئے جانے پر حاضر نہ ہوسکے۔

اس موقع پر وائس چیئرمین اور رکن سندھ اسمبلی ساجد جوکھیو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا وژن ہے کہ کراچی کے شہریوں کو تمام تر بنیادی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے کام کرنے والے ملازمین اور افسران کو بھی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے مسائل کو حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج جس کلب کا ہم نے افتتاح کیا ہے وہ 25 سال قبل بنایا گیا تھا لیکن اس کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے اور اس کو فندز نہ فراہم کئے جانے کے بعد اس کی حالت زار انتہائی خراب ہوگئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آفیسرز کلب کے چیئرمین اور دیگر افسران کی دن رات کاوشوں کے بعد آج یہ کلب ازسر نو دوبارہ سے تمام تر سہولیات سے آراستہ کردیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے ساتھ ماضی میں تعصب برتا گیا۔ ضلع ملیر میں آج تک واٹر بورڈ کی کوئی پانی کی فراہمی کی لائن تک موجود نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اس سلسلے میں بھرپور تعاون کرتے ہوئے سوا ارب روپے کا خصوصی پیکج دیا اور آج کاٹھور، گڈاپ، ملیر، میمن گوٹھ سمیت اطراف کی آبادیوں کے لاکھوں افراد کو پانی کی فراہمی شروع کی گئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہر میں سیوریج اور دیگر مسائل کے حل کے لئے صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹر بورڈ سید ناصر حسین شاہ کی جانب سے خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور انشاء اﷲ جلد ہی تبدیلی نظر آئے گی، گھوسٹ ملازمین کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے اور کئی گھوسٹ ملازمین کو فارغ بھی کردیا گیا ہے اور تمام دفاتر میں بائیو میٹرک حاضری کے نظام کو بھی متعارف کرانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب کسی بھی جعلی بھرتی یا کام نہ کرنے والے ملازمین کو سرکاری تنخواہ نہیں دی جائے گی اور جو ملازمین و افسران کام کریں گے انہیں تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ایم ڈی واٹر بورڈ کی مستقل بنیادوں پر تعیناتی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ کا محکمہ کبھی ایم ڈی کے بغیر نہیں رہا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سالہا سال کے بگڑے نظام کو چند روز یا چند ماہ میں درست نہیں کیا جاسکتا، البتہ اس حوالے سے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے اور تبدیلیاں بھی سامنے نظر آنے لگی ہیں۔

متعلقہ عنوان :