پاک فضائیہ کے عازمین حج کا73 رکنی وفد ایئر مارشل سعید محمد خان کی قیادت میں جدہ روانہ ہو گیا

بدھ 2 ستمبر 2015 20:22

کراچی ۔ 2 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) پاک فضائیہ کے عازمین حج کا73 رکنی وفد وائس چیف آف دی ائیر اسٹاف ایئر مارشل سعید محمد خان کی قیادت میں پی اے ایف بیس فیصل سے جدہ روانہ ہو گیا۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ائیر کمانڈ ایئر وائس مارشل سلمان احسن بخاری نے انہیں الوداع کہا۔

(جاری ہے)

ایئر وائس مارشل سلمان احسن بخاری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اس خوش نصیبی پر آپ سب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ آپ سب حج کی ادائیگی کے وقت نظم و ضبط اور صبر کا مظاہرہ کریں گے کیونکہ آپ لوگ نہ صرف پاک فضائیہ کے نمائندے ہیں بلکہ اس مقدس زمین پر اپنے ملک کے سفیر بھی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ فریضہ حج عملی طور پر ہمیں اپنے باہمی اختلافات مٹانے اور اپنے درمیان ایثار، مساوات، اتحاد اور محبت کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ پاکستان کی سلامتی و استحکام، مسلح افواج اور پاک فضائیہ کی کامیابی کے لئے خصوصی دعائیں کرتے رہیں گے۔ پاک فضائیہ کے عازمین حج کے وفد میں پاک فضائیہ کے افسران، جونئیر کمیشنڈ افسران، ا یئر مین اور سویلین شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :