حالیہ موسم میں ڈینگی کی افزائش کے امکانات بڑھ گئے ، حکومت پنجاب تدارک یقینی بنائے گی‘ لبنیٰ فیصل

گذشتہ سال کے کامیاب اور طے شدہ لائحہ عمل کو اپناتے ہوئے ان ڈور و آؤٹ ڈور سرویلنس اور آگاہی مہم تیز کی جائے

بدھ 2 ستمبر 2015 19:41

طلاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء ) پنجاب اسمبلی کی رکن اسمبلی لبنیٰ فیصل نے کہا ہے کہ لاہور کنٹونمنٹ اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں ڈینگی لاروا کے تدارک کیلئے حکومت پنجاب کے طے کردہ لائحہ عمل پرسختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اوراینٹی ڈینگی ریگولیشنزکی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ایف آئی آر درج کی جا رہی ہیں۔

حالیہ موسم میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے امکانات بڑھ گئے ہیں جس کے پیش نظر متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس یقینی بنارہے ہیں۔ حکومت پنجاب عوامی نمائندوں، تمام متعلقہ محکموں اور معاشرے کے ہر فرد کے تعاون سے اس سال بھی ڈینگی کی روک تھام کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات عمل میں لائے گی اور گذشتہ سال کی طرح لوگوں کو اس مہلک وباء سے محفوظ رکھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات ٹاؤن ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کینٹ و کنٹونمنٹ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی سیکرٹری ہائیرایجوکیشن نعمان جمیل، ڈی ڈی او ہیلتھ کینٹ ڈاکٹر آصف اقبال ،سینئر انٹامالوجسٹ انعام الحق ، لاہورکنٹونمنٹ اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز کے نمائندوں،پرنسپلز گورنمنٹ گرلز اسلامیہ کالج کینٹ، گورنمنٹ رابعہ بصری کالج، خواجہ رفیق شہید کالج کے علاوہ محکمہ تعلیم، صحت ،کوآپریٹو، فشریز، ڈی ایچ اے اور آرمی کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صوبہ بھرمیں انسدادڈینگی مہم کومزید تیزکرنے کی ہدایات جاری کی ہیں اس لئے تمام متعلقہ اداروں کے افسران گذشتہ سال کے کامیاب طے شدہ لائحہ عمل اور طریقہ کار کواپناتے ہوئے اس سال بھی ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کی غرض سے گھر گھر جاکر حفاظتی تدابیر بارے اقدامات سے آگاہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں طلباء کو اس مہلک مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے سویپنگ، سرویلنس اور زیرو پیریڈ کا انعقاد یقینی بنایاجائے۔اجلاس کو بتایاگیا کہ ہائی رسک ایریاز، قبرستان، پارکوں، تالابوں کے علاوہ ٹائر شاپس، ورک شاپس،پلازوں،دکانوں،پٹرول و سی این جی اسٹیشنز، ہوٹلوں، گوداموں، کمرشل ایریاز میں بھی ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ اقدامات کے پیش نظر باقاعدگی سے سرویلنس یقینی بنائی جارہی ہے۔کسی بھی جگہ سے لاروا ملنے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔لبنیٰ فیصل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی حکومتی کوششوں میں اپنا اہم کردار ادا کریں اوراپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔