صاف پانی مری پراجیکٹ کو 7سال معطل رکھنے کے بعد اب اس کی لاگت3ارب سے بڑھ کر 7ارب ہوگئی ‘خدیجہ فاروقی

چوہدری پرویز الہٰی کا یہ منصوبہ 2008میں مکمل ہونا تھا مگر انتقامی رویے کی وجہ سے یہ منصوبہ بھی تاخیری حربوں کا شکار ہوگیا‘رکن صوبائی اسمبلی

بدھ 2 ستمبر 2015 19:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی صدر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے وزیراعظم پاکستان کی زیر صدارت میں مری صاف پانی منصوبہ کی میٹنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صاف پانی مری پراجیکٹ کو 7سال معطل رکھنے کے بعد اب اس کی لاگت3ارب سے بڑھ کر 7ارب ہوگئی ہے ۔اس تاخیر کے ذمہ دار وزیراعلیٰ پنجاب اور موجودہ وفاقی حکومت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی نے مری کی عوام کیلئے2004میں صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ بنایا تھا جس کا 40فیصد کام بھی مکمل ہوگیا تھا منصوبے نے2008میں مکمل ہونا تھا مگر ن لیگ کے انتقامی رویے کی وجہ سے دیگر درجنوں منصوبوں کی طرح یہ منصوبہ بھی تاخیری حربوں کا شکار ہوگیا جس کی سزا مری کی عوام کے ساتھ ساتھ اب قومی خزانہ بھگتے گا۔

(جاری ہے)

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ عوامی خدمت اور فلاح کے درجنوں منصوبوں کو کو نظر انداز کرکے عوام اور خزانے کو نقصان پہنانے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے ان منصوبوں میں پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ ، میؤ ہسپتال سرجیکل ٹاور منصوبہ، وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپال اور سیرت اکیڈمی کے منصوبے شامل ہیں انہوں نے کہا کہ کمیشن اور کرپشن ہی بے ایمانی نہیں بلکہ نااہلی اور بدنیتی کی بناء پر جو منصوبے وقت پر مکمل نہیں ہوسکے اور ان کی تعمیری لاگت بڑھی ہے یہ بھی بددیانتی اور بے ایمانی ہے جن کے ذمہ دار حکمران ہیں۔