ٹیوٹا ، یوفون اور یو بینک کے درمیان صوبہ بھرمیں شارٹ کورسز میں زیر تربیت طلباء و طالبات کو وظائف تقسیم کرنے کیلئے معاہدہ

بدھ 2 ستمبر 2015 18:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء )ٹیوٹا ، یوفون اور یو بینک کے درمیان صوبہ بھرمیں شارٹ کورسز میں زیر تربیت طلباء و طالبات کو وظائف تقسیم کرنے کیلئے معاہدہ ہو گیا۔ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں ہونے والے معاہدے پر چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ، چیف آفیسر کسٹمر آپریشنز یوفون احمد کمال اورہیڈ آف آپریشنزیو بینک سید عمروقار نے دستخط کئے۔

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی،جنرل منیجرکسٹمر آپریشنز عاطف اسحاق، ریجنل سیلز منیجر انٹر پرائز سلوشن خرم ضرار،اسٹنٹ منیجر سید احسن رضا زیدی ،ٹیوٹا افسران عبدالقیوم، اظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ ، جاوید اقبال، سرفراز انوراور دیگر نے شرکت کی۔معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا شارٹ کورسز میں زیر تربیت طلباء و طالبات کو سفری اخراجات کی مد میں 1000/- ماہانہ وظیفہ دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

نوجوانوں کوماہانہ وظیفے کی صاف و شفاف منتقلی کیلئے یو فو ن اور یوبینک کی خدمات حا صل کی جا رہی ہیں۔شارٹ کورسز میں داخلہ لینے والے 62 ہزارنوجوانوں کو ایک سال میں ماہانہ وظیفہ دیا جائے گااور 5ہزار کو رواں ماہ میں وظیفہ ادا کیا جائے گا۔ٹیوٹا صوبہ میں فنی تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ کے فروغ کیلئے یو فون کی دیگر سکیموں کی خدمات بھی حاصل کر ے گی۔

چیف آفیسر کسٹمر آپریشنز یوفون احمد کمال نے ٹیوٹا ، یوفون او یو بینک کے مابین معاہدے کو خوش آئند قرار دیا اورآنے والے دنوں میں تعلقات کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ۔یو فون ، یو بینک اور ٹیوٹا کے مابین معاہدے سے صوبہ بھر میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سسٹم میں مزید بہتری آئے گی۔ہیڈ آف آپریشنزیو بینک سید عمر وقار نے کہا کہ عوام کو بہترین موبائل فنانشل سروسز فراہم کی جا رہی ہے اور اس معاہدے کے تحت ٹیوٹا کو بھی صوبہ بھر میں یو بینک کی جانب سے بہترین خدمات فراہم کی جائیں گی۔