پی ٹی آئی کی این اے 122اور پی پی 147میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر،چوہدری محمد سرور کی خصوصی شرکت

میاں برادران کو چیلنج ہے کہ ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت کریں ،عوامی خدمت کی ہے سیاست نہیں‘عبدالعلیم خان نواز لیگ جان لے ،لوٹ کھسوٹ اور مک مکا کا دور ختم ہو چکا ‘میاں اسلم اقبال ،شعیب صدیقی و دیگر رہنماؤکا خطاب

بدھ 2 ستمبر 2015 18:41

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء ) تحریک انصاف کی این اے 122اور پی پی 147میں انتخابی سرگرمیوں میں صوبائی چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے خصوصی طور پر شرکت کی جہاں پی ٹی آئی کے اُمیدواران عبدالعلیم خان اور شعیب صدیقی کے علاوہ ایم پی اے میاں اسلم اقبال نے بھی خطاب کیا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس حلقے سے بطور ایم پی اے اور صوبائی وزیر ااس علاقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے اور کچی آبادیوں کے مالکانہ حقوق سے لیکر سکولوں کی تعمیر تک بے شمار میگا منصوبے مکمل کیے اورگذشتہ 50برسوں کے مقابلے میں اُن کے 5برسوں کی تعمیر و ترقی مثالی تھی ۔

عبدالعلیم خان نے میاں برادران کو چیلنج کیا کہ اُن کے دور میں ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت کر دیں تو وہ نواز لیگ کے مقابلے سے دستبردار ہونے کو تیا ر ہیں ہم نے عوامی خدمت کی ہے سیاست نہیں کی ،انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گذشتہ 7برسوں سے میاں میر ہسپتال جیسے فلاحی منصوبے کو محض اس لیے بند کر رکھا ہے کہ اُس پر عبدالعلیم خان کی تختی لگی ہوئی ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ 11مئی 2013کو بھی اس علاقے سے عمران خان کامیاب ہوئے تھے اور انشاء اﷲ 11اکتوبر 2015کو بھی تحریک انصاف ہی میدان مارے گی ۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں ایم پی اے میاں اسلم اقبال نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل سے دھاندلی ثابت ہونے کے بعد ایا زصادق کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے انھیں بھی یاد رکھنا چاہئیے کوئی شرم ہوتی ہے ،حیا ہوتی ہے پی پی 147سے پی ٹی آئی کے اُمیدوار صوبائی اسمبلی شعیب صدیقی نے کہاکہ عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے والوں کو عوام بُری طرح مسترد کردیں گے اور نواز لیگ کو 11اکتوبر کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی ،اس موقع پر میاں مہر واجد عظیم، حامد معراج ،سردار کامل عمر ،میاں جاوید علی ،میاں افتخار ،میاں یامین ٹیپو ،حافظ فرحت عباس،سید راشد ریاض ،گلریز اقبال ،فرخ جاوید مون کے علاوہ ایم پی اے نوشین حامد ، مسرت جمشید چیمہ، ثانیہ کامران اور سارہ احمد نے شرکت کی جبکہ نوجوانوں کی ٹولیاں زبر دست نعرے بازی کرتی رہیں اور پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بھر پور جوش وخروش کا مظاہر ہ کیا ۔