جوڈیشل ایکٹوازم پینل نے پیٹرول کی عدم دستیابی اور مصنوعی قلت کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

بدھ 2 ستمبر 2015 18:38

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء ) جوڈیشل ایکٹوازم پینل نے پیٹرول کی عدم دستیابی اور مصنوعی قلت کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کہا گیا ہے کہ ملک میں پیٹرول کے وافر ذخائر موجود ہونے کے باوجود حکومت نے قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام تک منتقل کرنے سے روکنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت اور پیٹرول سپلائی کمپنیوں نے ملی بھگت کے ذریعے مصنوعی قلت پیدا کی اور پیٹرول کاخود ساختہ مصنوعی بحران پیدا کر رکھا ہے۔درخواست میں کہا گیاہے کہ پیٹرول کی مسلسل فراہمی کو برقرار رکھنے کے حوالے سے عدالت عالیہ کا فیصلہ موجود ہونے کے باوجود حکومتی نااہلی کھل کر سامنے آ گئی ہے جس کے نتیجے میں شہری پیٹرول حاصل کرنے کے لئے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے ذمہ دار افسران کے خلاف کاروائی کا حکم دیا جائے اور پیٹرول کے موجودہ سٹاک کا تمام تر ریکارڈ عدالت میں طلب کیا جائے۔