ہائیکورٹ نے یو ایچ ایس کے زیر انتظام 4ستمبر کو ہونیوالے پوسٹ گریجوایٹ امتحانات روکنے کیلئے دائر درخواست پر رجسٹرار یوایچ ایس سے آج جواب طلب کر لیا

بدھ 2 ستمبر 2015 18:37

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء)لاہور ہائیکورٹ نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر انتظام 4ستمبر کو ہونے والے پوسٹ گریجوایٹ امتحانات روکنے کے لئے دائر درخواست پر رجسٹرار یوایچ ایس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج جمعرات تک جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزاروں کے وکیل ملک اویس خالد نے موقف اختیار کیا کہ 4ستمبر کو ایم ڈی اور ایم ایس کے امتحانات کا شیڈول جاری ہو چکا ہے۔

طالبعلموں نے طے شدہ پرانے سلیبس کے مطابق ایم ڈی اور ایم ایس کی کلاسوں میں داخلے لئے اور اپنے امتحانات کی تیاری کی۔یونیورسٹی کی جانب سے طالبعلموں کے امتحانات پرانے سلیبس کی بجائے ترمیم شدہ نئے سلیبس کے تحت لئے جا رہے ہیں جو کہ طالبعلموں کے بنیادی حقوق اور قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اگر طالبعلموں کے امتحانات پرانے سلیبس کے مطابق نہ لئے گئے تو ان کا مستقبل داؤپر لگ جائے گا لہٰذاعدالت 4ستمبر کو ہونے والے امتحانات روکنے کے احکامات صادر کرئے۔

جس پر عدالت نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر انتظام ۴ستمبر کو ہونے والے پوسٹ گریجوایٹ امتحانات روکنے کے لئے دائر درخواست پر رجسٹرار یوایچ ایس کو آج جمعرات کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔