افتخار احمد ٹھاکر نے بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش روکنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

بدھ 2 ستمبر 2015 18:37

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) نامور اسٹیج اداکار افتخار احمد ٹھاکر نے بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش روکنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ میں افتخار احمد ٹھاکر کی جانب سے مفاد عامہ کے لئے دائر کی گئی درخواست میں وزارت کلچر و ثقافت، چیئرمین فلم سنسر بورڈ اور سیکرٹری داخلہ پنجاب کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بھارت آئے روز لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے پاکستانیوں کے خون بہا رہا ہے اور مدعا علیہان بھارتی کلچر کو فروغ دینے میں مصروف ہیں جس سے بھارتی فلموں کی پاکستانی سینماں میں نمائش عروج پر پہنچ چکی ہے۔

درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بھارتی فلموں کی پاکستان میں پروموشن آئین کے آرٹیکل 2، 28، 31 اور 37 کی خلاف ورزی ہے لہٰذاپاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کو آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کی جائے۔درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک ملک میں زیر نمائش بھارتی فلموں پر بھی پابندی عائد کی جائے۔