حکومت تاجروں کیلئے نئے ٹیکس پیکج کا اعلان کرے ،ٹیکس ریلیف پیکج کے تحت تاجر پانچ کروڑ تک کا سرمایہ رعایتی ٹیکس کے عوض ظاہر کرسکیں گے،سید اسد مشہدی

بدھ 2 ستمبر 2015 18:06

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید اسد مشہدی نے کہاہے کہ حکومت تاجر تنظیموں کی دی گئی تجاویز کی روشنی میں ٹیکس ریلیف پیکج کا فوری طور پر اعلان کرے تاکہ ودھولڈنگ ٹیکس کی بابت تاجر برادری کے تحفظات دور ہو سکیں ۔صدر آر سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان بھر کے چیمبرز ،فیڈریشن چیمبر اور تاجروتنظیموں پر مشتمل کمیٹیوں نے مختلف میٹنگز کے دوران متفقہ تجاویز مرتب کی تھیں جبکہ ان میٹنگز میں حکومتی نمائندگی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وزیراعظم کے خصوصی مشیر ہاورن اختر نے کی اور چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ ،ممبر قومی اسمبلی میاں عبدالمنان ،ملک پرویز ،رانا محمد افضل اور ممبر ان ایف بی آر بھی ان مواقع پر موجود رہے ۔

صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس سید اسد مشہدی نے حکومت اور ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ یہ ضروری ہے کہ حکومت ان تمام تجاویز کے مطابق ٹیکس ریلیف پیکج کا اعلان کرے جس کے ذریعے تاجر پانچ کروڑ تک کا سرمایہ رعایتی ٹیکس کے عوض ظاہر کرسکیں گے اسکے ساتھ ساتھ تاجرسیکٹر وائز اپنی اصل بنک ٹرانزیکشن بھی انتہائی کم ٹیکس ریٹ پر ظاہر کرسکیں۔

(جاری ہے)

اسد مشہدی نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری ان لوگوں کا دفاع نہیں کرسکتی جو کروڑوں روپے کا کاروبار کریں مگر انکے پاس نیشنل ٹیکس نمبر نہ ہواب جبکہ شناختی کارڈ نمبرکو ہی قومی ٹیکس نمبر شمار کیے جانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تو یقیناً کوئی اپنی ٹرانزیکشن چھپا نہیں سکے گا اور بنک ٹرانزیکشن اور خرید و فروخت کی معلومات ٹیکس حکام کو شناختی کارڈ کے ذریعے کمپیوٹر پر دستیاب ہونگی۔

سید اسد مشہدی نے کہا کہ تاجر برادری کے لئے اچھا موقع ہے کہ وہ اپنے ٹیکس کے معاملات درست کر لیں اور ٹیکس پیئر کی حیثیت سے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ۔سید اسد مشہدی نے کہاکہ اگر تاجر نمائندوں کی تجاویز پرعملدرآمدکیا جائے تو کسی بھی تاجر یا صنعتکار پر کسی قسم کا ود ہولڈنگ ٹیکس نہیں لگے گا۔اسدمشہدی کاکہنا تھا کہ ٹیکس وصولی کے نظام کی وجہ سے اس سے پیشتر ٹیکس کے نظام کی وجہ سے تاجر اپنی آمدن کم دکھانے پر مجبور تھے تاہم نئے ٹیکس پیکج کے اعلان کی صورت میں تاجر آزادانہ کاروبار کرسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :