قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پلاننگ ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز کا یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کا دورہ

بدھ 2 ستمبر 2015 16:52

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پلاننگ ڈویپلمنٹ اینڈ ریفارمز نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کا دورہ کیا۔ جسکی قیادت چیئرمین عبدالمجید خاں خیل نے کی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے انہیں خوش آمدید کہا ۔ کانفرنس روم میں کمیٹی کے چیئرمین کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی مجموعی کا رکردگی کے متعلق بریفنگ دی ۔

یونیورسٹی اور اسکے ملحقہ کیمپس میں اساتذہ، طلبہ اور ملازمین کے مسائل کے علاوہ ترقیاتی کاموں کے ضمن میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ہائیر ایجوکیشن کی طرف سے ملنے والے بجٹ کے مطابق کام کی رفتارکا جائزہ پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ بروقت فنڈنگ کے نتیجے میں کام میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

طالبات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر نئے ہاسٹلز کی ضرورت سے آگاہ کیا گیا۔

رچنا کالج گوجرانوالہ، نارووال اور فیصل آباد ،کالا شاہ کاکو میں قائم سب کیمپس میں ہونے والے کام کے بارے میں بھی کمیٹی کو بریف کیا گیا۔چیئرمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوای ٹی ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہے۔ اسکے مسائل کے حل میں ہم بھرپور تعاون اور وفاقی حکومت کو سفارش کریں گے۔انہوں نے انجینئرنگ میں طالبات کی بڑھتی ہوئی تعداد کو خوش آئند قراردیا اور کہا کہ ملکی تعمیروترقی میں خواتین ہر شعبہ میں نمایاں خدمات انجام دی رہی ہیں۔ ہم انکے مسائل اور ضروریات کا خیال رکھیں گے۔کمیٹی نے یوای ٹی مین آڈیٹوریم، ہاسٹلز، پاور ہاؤس اورطارق ہال کا بھی دور ہ کیا۔