پنجاب حکومت جذبہ خیر سگالی کے تحت 495ملین روپے کے اخراجات سے 3000سے زائدبلوچ طالبعلموں کو تعلیم ، فنی مہارت فراہم کریگی

بدھ 2 ستمبر 2015 16:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) پنجاب حکومت جذبہ خیر سگالی کے تحت 495ملین روپے کے اخراجات سے 3000سے زائدبلوچ طالبعلموں کو تعلیم اور فنی مہارت فراہم کرے گی ۔اس منصوبے کا مقصد صوبوں کے درمیان اخوت اور بھائی چارے کی فضا کو قائم کرنا ہے ۔گزشتہ سال بھی حکومت پنجاب نے بلوچستان کے زلزلہ زدہ علاقے( اوران) سے 536گریجویٹ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایک رپورٹ میں سرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت بین الصوبائی فاصلوں کو کم کرنے کیلئے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ترقی کو فروغ دینا چاہتی ہے جس میں تعلیم ، صحت ،زراعت ،ہائر ایجوکیشن ،ٹیکنیکل تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی اور پنجاب ٹریننگ کونسل شامل ہیں ۔ذرائع کے مطابق 1000 نوجوانوں کو پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل سے 168ملین روپے کی لاگت سے ووکیشنل ٹریننگ دلوائی جائے گی جبکہ 700طلباء کو پانچ ڈویژنل اور دانش سکولوں میں سو فیصد مالی معاونت کے ساتھ تعلیم کے شعبے میں تربیت دی جائے گیا اس مجوزہ اقدام پر 138ملین روپے کی لاگت آئے گی ۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب کی طرف سے شعبہ صحت میں 118طلباء کو طبی اداروں سے اپنی تربیت مکمل کرنے کیلئے 36.6ملین روپے کی مالی امداد دی جائیگی۔اسی طرح ملک بھر کی زرعی یونیورسٹیوں میں 225طلباء پر 54ملین روپے کے اخراجات کئے جائینگے ۔480 علماء کو 16ملین روپے کی لاگت سے ہائر ایجوکیشن میں تربیت دی جائیگی۔جبکہ باصلاحیت طالبعلموں کو اسکالر شپ سے نوازا جائے گا ۔

خصوصی تعلیم کے شعبے میں22میں سے 12طالبعلموں کو ماسٹر ٹریننگ کیلئے چنا جائے گا ،6طالبعلموں کو ایک سال ، 2طالبعلموں کو 2سال اور 2 کو 15مہینے کی ٹریننگ دی جائیگی۔فنی تعلیم کے شعبے میں50 ملین روپے کی لاگت سے 477طلباء کو ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے زیر اہتمام تربیت دی جائیگی۔437ہنرمند کارکنوں اور 40اساتذہ کو تکنیکی اتھارٹی کے زیر اہتمام تربیت دی جائیگی۔