بھارت ہماری امن کی خواہش کوکمزور ی نہ سمجھے،پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑ دیں گے،وزیر اعظم نواز شریف کا آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے اعلان کے بعدعوامی اجتماع سے خطاب

بدھ 2 ستمبر 2015 16:20

باغ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء ) وزیر اعظم نواز شریف نے کہاہے کہ بھارت ہماری امن کی خواہش کوکمزور ی نہ سمجھے،پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑ دیں گے،ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والوں کونہیں بھول سکتے،پاکستان اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، آزاد کشمیر کی ترقی کیلئے بار بار آتا رہوں گا،پاک فوج او ر عوام طے کر چکے ہیں کہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گااور ان کے سہولت کاروں اور حمایت کرنے والوں کو کسی بھی صورت نہیں بخشاجائے گا،پاکستان دہشتگردی کیلئے نہیں بنا،دہشت گردوں کا خاتمہ کرکے عالمی برادری کو مستقل امن کا تحفہ دیناچاہتے ہیں، ایل او سی کی خلاف ورزی خطے کیلئے خطرہ بنتی جارہی ہے،لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال بھارتی فائرنگ کی طرف عالمی ممالک کی توجہ مبذول کرارہے ہیں،آزادکشمیرمیں اسکول،کالجزاوراسپتال بناناچاہتے ہیں، کراچی کے حالات بہترہوگئے ہیں،جس پروہاں کے لوگ بہت خوش ہیں،ہم کراچی میں ملزمان پرہاتھ ڈالنے سے نہیں گھبرائے ۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو باغ آزادکشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے زلزلے سے متاثرہ اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعظم نواز شریف کو ان منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیاکہ مظفر آباد، باغ اور پونچھ میں بنیادی ڈھانچے کے 43 منصوبے مکمل کئے گئے ہیں، بنیادی ڈھانچے کے ان منصوبوں سے تقریباً30لاکھ آبادی کو سہولت میسر آئے گی، 2ارب 70کروڑ سے زائد لاگت کے 43منصوبوں سے 30لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہو گی، مظفر آباد میں 7سکولوں پر 10کروڑ 76لاکھ روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے، بنیادی صحت کا ایک مرکز ایک کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد کی لاگت سے قائم کیا گیا ہے

جبکہ 11 انتظامی دفاتر پر 7کروڑ 67 لاکھ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔

بریفنگ میں بتایاگیا کہ مظفر آباد شہر میں چہلہ بانڈی سڑک پر 21کروڑ 12لاکھ روپے لاگت آئی ہے جبکہ ضلع باغ میں 9سکولوں کی تعمیر پر 26کروڑ 26لاکھ سے زائد کی لاگت آئی ہے اور باغ شہر میں سڑکوں کے نیٹ ورک پر 64کروڑ 91لاکھ روپے سے زائد لاگت آئی ،اسی طرح سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر پر 35کروڑ 74لاکھ روپے سے زائد لاگت آئی ہے جبکہ ایک کروڑ روپے کی لاگت سے یادگار شہداء تعمیر کی گئی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بس ٹرمینل پر 21کروڑ 21لاکھ روپے سے زائد لاگت آئی ہے ،ضلع پونچھ میں 9سکولوں کی تعمیر پر 10کروڑ 63لاکھ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے منصوبوں کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرا نے علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے نہایت ذمہ داری سے کام کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی کیلئے بار بار آتا رہوں گا، آزاد کشمیر کو ترقی یافتہ علاقہ دیکھنا چاہتے ہیں، علاقے کی تقدیر ضرور بدلے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے میں کہ آزاد کشمیر میں سکول،کالج اور ہسپتال بنیں اور چپے چپے میں ترقی ہو جس سے ہر شہری مستفید ہو سکے، آزاد کشمیر میں شرح خواندگی ملک کے دیگر حصوں کی نسبت زیادہ ہے، باغ میں پانی کا منصوبہ اگلے 30 برسوں کی ضروریات پوری کرے گا، پائیدار منصوبے طویل عرصے تک ضروریات پوری کرنے کیلئے کافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 8اکتوبر 2005ء جیسی ہولناک تباہی پہلے کبھی نہیں دیکھی لیکن ہم نے زلزلے سے آنے والی اس تباہی کو تعمیر میں بدل دیا ہے،زلزلہ متاثرین نے جوانمردی حوصلے اور بہادری کی مثال قائم کی،آزاد کشمیر کے لوگوں نے اپنے گھر بار اور جانی و مالی نقصان کے باوجود بھی تعمیر نو میں بھرپور ساتھ دیا ہے، بحالی و تعمیر نو سے باغ کو جدید قالب میں بدلتا دیکھ کر خوشی ہوئی، شاہراؤں اور پلوں کی تعمیر سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملا، زیر تعمیر منصوبوں کو بھی جلد مکمل کیا جائے گا، اندرونی و بیرونی مسائل کے باوجود تعمیری سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔