ہمارے مسائل حل ہوتے نظر نہیں آ رہے،ہمارے ہیلتھ الاؤنس جاری کئے جائیں، حکومت نے مطالبات نہ مانے تو 8 ستمبر کو وزیراعظم سیکرٹریٹ اور فنانس منسٹری کی طرف عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی

چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیشن ڈاکٹر سرتاج عزیز علی خان کی پولی کلینک ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 ستمبر 2015 16:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیشن ڈاکٹر سرتاج عزیز علی خان نے کہا ہے کہ ہمارے مسائل حل ہوتے نظر نہیں آ رہے،ہمارے ہیلتھ الاؤنس جاری کئے جائیں، ہم نے فیصلہ کیا کہ8 ستمبر کو وزیراعظم سیکرٹریٹ اور فنانس منسٹری کی طرف سے عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی۔ بدھ کو پولی کلینک ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سرتاج عزیز نے کہا کہ 27 دن سے ہم ٹوکن ہڑتال پر ہیں اور 20 اگست کو ایک ریلی بھی نکالی لیکن اس کے باوجود ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے، اب ہم حکومت کو 8ستمبر بروز منگل تک کا وقت دیتے ہیں اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم ایک عظیم الشان ریلی کی شکل میں وزیراعظم سیکرٹریٹ اور فنانس منسٹری کی طرف جائیں گے اور اس وقت تک واپس نہیں آئیں گے جب تک ہمارے مطالبات منظور نہ کرلئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے فنانس منسٹری کے ایڈیشنل سیکرٹری نسیم کھوکھر اور مسلم لیگ (ن) کے چیف وہیب شیخ آفتاب سے ملاقات کروائی گئی، لیکن ان سے بھی کوئی حل نکلتا نظر نہیں آیا، اس کے بعد ہم نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کرنے اور اپنے مطالبے کو پیش کرنا چاہا لیکن انہوں نے ہم سے ملنے سے انکار کر دیا، جس کی وجہ سے ہمیں سخت مایوسی اور ہماری حوصلہ شکنی ہوئی، جس کی وجہ سے ہم نے بدھ دن 11بجے سے لے کر 1 بجے تک احتجاجاً ہسپتال بند رکھالیکن اس دوران ایمر جنسی اور آئی سی یو سروسز کھلی رہیں گی تا کہ ایمرجنسی کے مریضوں کو کسی قسم کی مشکلات نہ پیش آ ئیں ۔

متعلقہ عنوان :