امن اور خوشحالی کیلئے قانون کی حکمرانی ضروری ہے ‘ معاشرے کی فلاح و بہبود میں وکلاء برادری کی خدمات کو سراہتے ہیں‘گورنرخیبر پختونخوا سردارمہتاب احمدخان کا کوہاٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب

بدھ 2 ستمبر 2015 16:12

پشاور۔02ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء )گورنرخیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے معاشرے کی فلاح و بہبود میں وکلاء برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ لحاظ سے وکلاء وہ پہلا طبقہ ہے جو اچھائی اور بُرائی کے جھگڑے میں انصاف دلانے کیلئے جد و جہدکرتا ہے ۔ انہوں نے وکلاء پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو قانونی امداد اور بروقت انصاف کی فراہمی میں بھر پور کردار ادا کریں اور کم سے کم وقت میں لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے تگ ودو کریں ۔

وہ گورنر ہاوٴس پشاور میں کوہاٹ بار ایسوسی ایشن کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ کوہاٹ کے معروف شخصیت اور پیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ملک اسد ، کوہاٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک عماد اعظم،نائب صدر سمینہ خرم ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر امیر عجم خٹک ‘شیخ ساجد سیفورایڈووکیٹ اور وکلاء کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ وکلاء کی مدد سے معاشرہ میں قانون کی حکمرانی قائم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن اور خوشحالی کے حصول کیلئے قانون کی حکمرانی ضروری ہے اور وکلاء برادری اس سلسلے میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ بار اایسوسی ایشن سے وابستہ وکلاء لوگوں کے قانونی مسائل کے حل کیلئے بہتر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے وکلاء کو اپنی ذمہ داریاں یاد دلاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کلائنٹس کو معیاری قانونی امداد فراہم کرنے کی کوشش کریں جو قانون کی بالادستی قائم کرنے میں مددگار ثابت ہو۔

گورنر نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی میں وکلاء کا کردار بہت اہم ہے اور وکلاء پر زور دیا کہ وہ اپنے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر عوام کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ گورنر نے کوہاٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب ارکان کو مبارکباد دی اور انہیں یقین دلایا کہ سپاسنامہ میں پیش کئے گئے مطالبات کے حل کیلئے بھر پور کوشش کریں گے۔ قبل ازیں گورنر نے کوہاٹ بار ایسوسی ایشن کے نئی کابینہ سے حلف لیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے نئے صدر ملک عماد اعظم نے مطالبات پیش کئے ۔ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر امیر عجم خٹک نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اورگورنر سردار مہتاب احمد خان کا ان کے مطالبات کو غور سے سننے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے وکلاء کی جانب سے گورنر کو ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔