گلگت بلتستان میں تمام گاڑیوں کا ڈیٹا جمع کرنے کیلئے حکمت عملی وضع کی جارہی ہے

بدھ 2 ستمبر 2015 16:07

استور ۔ 2 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) گلگت بلتستان میں موجود تمام گاڑیوں کا ڈیٹا جمع کرنے کیلئے حکمت عملی وضع کی جارہی ہے، ٹوکن ٹیکس، کاغذات، روٹ پرمٹ اور فزیکل ویریفکیشن کے بارے میں بہت جلد آپریشن شروع کیا جائے گا۔ ضلع استور کے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفسر معظم علی نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں گاڑیوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو محکمہ ایکسائز میں رجسٹرڈ کرانا لازمی ہے اور ان گاڑیوں کی مقررہ فیس جمع کروا کر این سی پی کاغذ رکھنا ضروری ہے جبکہ مسافر گاڑیوں کو اپنے روٹ پرمٹ حاصل کرکے مقررہ راستوں پر ہی گاڑیاں چلانا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ چوری کی گاڑیاں زیادہ ہیں جن کی فزیکل ویریفکیشن اور کاغذات کی کمپیوٹرائز چیکنگ کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ایکسائز پولیس کو اس بارے میں تربیت دی گئی ہے جو کہ مختلف ناکوں کے دوران ان تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر گاڑیوں کی جانچ پڑتال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے اشتراک سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈرائیوروں کیلئے ضروری ہدایات پر مشتمل شعوری مہم کا آغاز کررہا ہے۔