پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ریلوے اسٹیشن کے قریب سے چھاپہ مار کر مبینہ طور پر حرام جانورکا گوشت برآمد کر ایک شخص کو حراست میں لے لیا

بدھ 2 ستمبر 2015 14:44

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک اطلاع پر ریلوے اسٹیشن کے قریب سے چھاپہ مار کر مبینہ طور پر حرام جانورکا گوشت برآمد کر ایک شخص کو حراست میں لے لیا ، ڈائریکٹر آپریشنز فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز نے بتایا کہ مبینہ طو رپر سورکے گوشت کی راولپنڈی سے لاہورکے لئے بکنگ کی اطلاعات پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور برآمدہونے والے گوشت کی اصلیت جاننے کیلئے اسے لیبارٹری بھجوادیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق مبینہ طور پر حرام جانور کے گوشت کی موجودگی کی اطلاع پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹر آپریشنزز عائشہ ممتاز کی سربراہی میں لاہورریلوے اسٹیشن کے قریب گڈز گودام پر چھاپہ ماراگیا جہاں اس دوران راولپنڈی سے لاہور کیلئے بک کرایاگیا گوشت قبضے میں لیا گیا۔

(جاری ہے)

عائشہ ممتاز نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی تھیں کہ مبینہ طو رپر سور کا گوشت لاہورکے لئے بک کرایاگیا ہے جس پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ۔

انہوں نے بتایا کہ یہ گوشت دو ڈرموں میں بڑے بڑے ٹکڑوں کی شکل میں موجود ہے جبکہ اس کے ساتھ آنتیں وغیرہ بھی بھجوائی گئی ہیں لیکن بلٹی کے اوپر واضح تحریر نہیں کیا گیا کہ یہ آگے کہاں کیلئے بک کرایاگیا ۔ اسے لینے کے لئے آنیوالے ڈرائیور کو حراست میں لے کر اس سے تفتیش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس گوشت کی اصلیت جاننے کے لئے اسے لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے بھجوا دیا گیا ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈرائیور کے بیان میں بھی تضادات ہیں۔ پہلے وہ کہتا تھاکہ اسے گرین ٹاؤن لیکرجاناہے ا ور پھر بعد میں اس نے شیخوپورہ کاذکرکردیا ۔ مبینہ سور کے گوشت کی سپلائی کی اطلاعات کے بعدلاہور کے شہریوں میں بے چینی کی لہردوڑ گئی ہے ۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کارروائی کے لئے دائرہ کارمزید سیع کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :