بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے نشان تیر پر الیکشن لڑنے والے امیدواروں نے مالی امداد کی بھی شرط عائد کر دی‘ذرائع

بدھ 2 ستمبر 2015 14:44

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء ) پیپلزپارٹی کو بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کی تلاش میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ، پارٹی کے نشان تیر پر الیکشن لڑنے والے امیدواروں نے مالی امداد کی بھی شرط عائد کر دی ۔

(جاری ہے)

پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے بھی بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں شروع کر دی ہیں تاہم پارٹی ٹکٹوں کے اجرا ، امیدواروں کو حتمی شکل دینے اور دیگر تیاریوں کے حوالے سے تاحال کوئی کمیٹی نہیں بنائی گئی بلکہ دو ماہ قبل جو بلدیاتی الیکشن کے سلسلہ میں کمیٹیاں بنائی گئی تھیں انہیں پر انحصار کیا جا رہا ہے حالانکہ ان کمیٹیوں کے عہدیداروں کو بھی علم نہیں کہ وہ کسی کمیٹی سے وابستہ ہیں۔

ذرائع کا دعوی ہے کہ اکثر پیپلزپارٹی کے امیدوار پارٹی کے نشان تیر پر الیکشن نہیں لڑنا چاہتے بلکہ آزاد یا کسی پارٹی سے الائنس بنا کر الیکشن لڑں ے کے خواہاں ہیں ۔ایسے امیدوار جن کو تیر کے نشان پر الیکشن لڑنے کے لیے راضی کیا جا رہا ہے ان میں سے اکثر مالی امداد کے منتظر ہیں تاہم ذرائع کا دعوی ہے کہ پیپلزپارٹی لاہور میں پچاس فیصد تک امیدوار تلاش کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔