پاکستان اورچین کا چین پاکستان اقتصادی راہداری کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے عزم کا اظہار

بدھ 2 ستمبر 2015 14:41

پاکستان اورچین کا چین پاکستان اقتصادی راہداری کو ترجیحی بنیادوں پر ..

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) پاکستان اورچین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔یہ اتفاق رائے بیجنگ میں صدر ممنون حسین اور ان کے چین کے ہم منصب ژی جن پنگ کے درمیان ملاقات میں طے پایا۔ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان خوشگوار اور آزمودہ دوستی ہے۔انہوں نے چین کے صدر ڑی جن پنگ کے حالیہ دورہ پاکستان کو ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

صدر نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان میں چینی باشندوں کا تحفظ ہرقیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ چین سے دوستی کو مزید وسعت دے رہے ہیں، اقتصادی راہداری منصوبہ جلد مکمل ہوگا۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور چین آئرن برادر ہیں۔ پاکستان اور چین ہمیشہ ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک رہے ہیں۔

غم کی گھڑی میں بھی دونوں دوست ملک قریب رہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان اہم سنگ میل ہے۔ اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات کو مزید وسعت دیں گے۔ دونوں ممالک کی دوستی وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کو کبھی مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔اپنے کلمات میں چین کے صدر نے دوسری جنگ عظیم کی تقریبات میں شرکت کیلئے چین کا دورہ کرنے پر صدر ممنون حسین کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماوٴں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووٴں اور انہیں مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت کی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر نے کہا کہ پاکستان سے مشرقی ترکستان اسلامک موومنٹ گروپ (ای ٹی آئی ایم) سے تعلق رکھنے والے تقریباً تمام ویغور عسکریت پسندوں کو ختم کیا جاچکا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ضرب عضب کے ذریعے سے ملک میں موجود ای ٹی آئی ایم سے تعلق رکھنے والوں کو بھی ختم کیا گیا ہے اور میں سمجھتا ہوں کے ملک سے ای ٹی آئی ایم تقریباً ختم ہوچکی ہے اگر کہیں کوئی باقی ہے تو ان کی تعداد انتہائی کم ہوگی-

متعلقہ عنوان :