نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر کے مدارس میں رجسٹریشن اور سرچنگ کا عمل شروع

بدھ 2 ستمبر 2015 13:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر کے مدارس میں رجسٹریشن اور سرچنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ۔ کراچی کے مدرسہ البدر علوم الاسلامیہ پاکستان سے رجسٹریشن اور سرچنگ کا آغاز کیا گیا ہے جہاں زیر تعلیم طلبہ اور اساتذہ سے پوچھ گچھ کے بعد اسے کلیئر قرار دے دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز نیشنل ایکشن پلان کے اگلے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا جس میں ملک بھر کے مدارس کی رجسٹریشن اور سرچنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا ۔

اس حوالے سے کراچی میں اورنگی ٹاؤن کے قریب ایم پی آر کالونی میں موجود مدرسہ البدر علوم الاسلامیہ پاکستان سے رجسٹریشن اور سرچنگ کا آغاز کیا گیا پولیس اور رینجرز کے حکام نے مدرسہ میں سرچنگ کی اور اس حوالے سے طلبہ اور اساتذہ کے انٹرویو بھی کئے جبکہ اس موقع پر طلبہ کی تلاشی بھی لی گئی اور مدرسے کے اساتذہ سے طلبہ کے حوالے سے پوچھ گچھ کی گئی ۔

(جاری ہے)

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مدرسہ سے فارغ التحصیل طلبہ کے بارے میں کوائف جمع کئے اور غیر ملکی طلبہ کے حوالے سے تفصیلات لی ۔ پولیس نے مدرسہ کے حکام کو ایک پرفارمہ دیا جس کو مدرسہ کے اساتذہ نے بھر کر واپس پولیس کر دیا جبکہ پولیس نے کارروائی کے دوران مدرسہ البدر و علوم الاسلامیہ کو مکمل طور پر کلیئر قرار دیا اور بتایا کہ مدرسہ میں کوئی بھی غیر ملکی طالب علم نہیں جبکہ کسی قسم کا کوئی اسلحہ بھی برآمد نہیں ہوا جبکہ مدرسہ انتظامیہ نے پولیس کو تمام کوائف دکھائے اور طلبہ اور مدرسے کی تلاشی کے حوالے سے بھرپور تعاون کیا ۔