امریکی صدر اوباما وزیراعظم نواز شریف سے شیڈول ملاقات میں دہشتگردوں کیخلاف مزید کارروائی کا مطالبہ کرینگے ‘وائٹ ہاؤس

بدھ 2 ستمبر 2015 12:44

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) وائٹ ہاوٴس نے کہا ہے کہ صدر بارک اوباما 22 اکتوبر کو واشنگٹن میں پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف سے شیڈول ملاقات میں دہشت گردوں کے خلاف مزید کارروائی کا مطالبہ کریں گے۔یہاں میڈیا بریفنگ میں پریس سیکریٹری جاش ایرنسٹ نے بتایا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے وائٹ ہاوٴس میں اوباما سے ملاقات کی دعوت قبول کر لی امریکہ کی قومی سلامتی مشیر سوزن رائس نے اتوار کو اسلام آباد میں ملاقات کے دوران نواز شریف کو دعوت نامہ دیا۔

ایرنسٹ نے بتایا کہ امریکہ اس دورے کامنتظر ہے کیونکہ وہ بہت سے اہم معاملات پر پاکستانی لیڈر سے گفتگو چاہتا ہے۔ ہم متعدد مرتبہ عندیہ دے چکے ہیں کہ پاکستانی عوام کی سیکیورٹی اور امریکہ کے قومی سلامتی مفادات کیلئے خطرہ بننے والے شدت پسند گروہوں اور دوسروں کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستانی حکومت کو مزید کام کر نے کی ضرورت ہے اوریقیناپاکستانی حکام سے ملاقاتوں کے دوران سوزن رائس نے ان معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا انہوں نے کہاکہ میں پر اعتماد ہوں کہ وزیر اعظم نواز شریف کے دورے میں بھی انہی مسائل پر غور ہو گاوائٹ ہاوٴس اور محکمہ خارجہ کی حالیہ پریس بریفنگز میں امریکی حکام نے نہ صرف کچھ عسکریت پسند گروہوں کی جانب سے افغانستان میں حملوں کیلئے پاکستانی سرزمین استعمال ہونیکی تصدیق کی بلکہ متعدد بار دہشت گردی کے خلاف مزید کارروائی کے مطالبے کو بھی دہرایا۔

(جاری ہے)

جب ایرنسٹ سے پوچھا گیا کہ آیا سوزن رائس نے پاکستانی قیادت کو یقین دلایا کہ کابل میں حالیہ دہشت گردی کی وجہ سے اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں روکی گئی 300 ملین ڈالرز کی اگلی قسط جاری کی جائیگی؟ تو انہوں نے براہ راست جواب دینے کے بجائے کہا سوزن رائس کے ایجنڈے پر پہلا نقطہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان سیکیورٹی تعلقات تھے۔