پشاور میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید، 6 زخمی

بدھ 2 ستمبر 2015 11:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) پشاور میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

بدھ کو پولیس اہلکاروں کی جانب سے پشاور میں ارمڑ کے علاقے بغوانان میں معمول کا سرچ آپریشن جاری تھا کہ ایک مکان میں چھپے دہشت گردوں نے پولیس اہلکار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا، پولیس اہلکار اپنے زخمی ساتھی کو موبائل میں ڈال کر اسپتال منتقل کر رہے تھے کہ ملزمان نے موبائل پر بھی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکارشہید جب کہ ایک شہری اور 6 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق مقابلے میں ایک حملہ آور مارا گیا ہے ۔امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور رومان، کانسٹیبل عبدالرحمان اور اسنیپر ڈاگ کے اہلکار کے جسد خاکی لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیئے ہیں جب کہ ڈاکٹرز کے مطابق 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کر کے حملہ آوروں اور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔