لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کے خلاف دائر درخواست پر فل بنچ بنانے کی سفارش کر تے ہوئے معاملہ مزید سماعت کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 2 ستمبر 2015 11:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار ریحان ہاشمی نے موقف اختیار کیا کہ حکومت پنجاب نے مقامی حکومتوں کے اختیارات سلب کرنے کے لئے لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس جاری کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے مقامی حکومتوں کے سیاسی،مالی اور انتظامی اختیارات سلب کر لئے گئے ہیں جو کہ آئین کے آرٹیکل ایک سو چالیس اے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو بلدیاتی اداروں کے اختیارات سلب کرنے کا کوئی آئینی استحقاق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے من پسند امیدواروں کو بلدیاتی انتخابات میں جتوانے کے لئے مزدوروں،کسانوں ،خواتین اور اقلیتوں کے براہ راست انتخابات کو بھی ختم کر دیا ہے جو کہ آئین کے منافی ہے۔جس پر عدالت نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کے خلاف دائر درخواست پر فل بنچ بنانے کی سفارش کر تے ہوئے معاملہ مزید سماعت کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دیا۔