آئی ایم ایف ڈکٹیشن پر نافذود ہولڈنگ ٹیکس واپس لیا جائے ۔محمود حامد

منگل 1 ستمبر 2015 22:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈکاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد ،نائب صدور عثمان شریف ،عبدالماجد اور بابر بنگش نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ظالمانہ ودہولڈنگ ٹیکس واپس لے ۔اس لیے کہ یہ ٹیکس تاجر اور عوام دشمن ٹیکس ہے ۔انہوں نے کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف کراچی کے تاجر بھی 2ستمبر کو احتجاج اور 9ستمبر کو مکمل شٹر ڈاؤن ہڑ تال کریں گے ۔

(جاری ہے)

اسمال ٹریڈرز کے رہنماؤں نے کہا کہ وزیر خزانہ IMFکے احکامات اور قرضوں کی نئی قسطوں کے حصول کے لیے ود ہولڈنگ ٹیکس کو نسخہ کیمیاء ثابت کر رہے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ اس ٹیکس کے باعث معیشت رو بہ زوال ہے ۔بنکوں میں ڈپازٹس میں کمی آگئی ہے اور اب عوام بینکوں میں رقم جمع کر انے سے گریز کر رہے ہیں ۔ملک میں ڈالر کی خریداری بڑھ گئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ڈالر 102روپے سے 105روپے کی سطح پر آگیا ہے ۔اسمال ٹریڈرز کے رہنماؤں نے کہا کہ تاجر برادری کراچی سے خیبر تک متحد ہے اور 9ستمبر کو اس اتحاد کا بھر پور مظاہرہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نوشتۂ دیوار پڑھ لے اور تاجر و عوام دشمن پالیسیاں واپس لے ۔

متعلقہ عنوان :