پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے، جس نے ہمیشہ کراچی سمیت ملک بھر کے تمام شہروں کی اوونر شپ لی ہے، وزیر بلدیات ناصر حسین

کے ایم سی، واٹر بورڈ سمیت محکمہ بلدیات میں بڑے بڑے گھوسٹ ملازمین کے نام جلد عوام کے سامنے بے نقاب کئے جائیں گے مجھ سمیت کوئی بھی وزیر یا پیپلز پارٹی کا رہنماء کرپشن میں ملوث ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے

منگل 1 ستمبر 2015 22:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے، جس نے ہمیشہ کراچی سمیت ملک بھر کے تمام شہروں کی اوونر شپ لی ہے۔ کے ایم سی، واٹر بورڈ سمیت محکمہ بلدیات میں بڑے بڑے گھوسٹ ملازمین کے نام جلد عوام کے سامنے بے نقاب کئے جائیں گے اور ان گھوسٹ ملازمین میں ایک کا بھی تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے نہیں ہے۔

مجھ سمیت کوئی بھی وزیر یا پیپلز پارٹی کا رہنماء کرپشن میں ملوث ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے، لیکن بغیر شواہد کسی کو بھی دہشتگرد یا کرپٹ قراردینا درست نہیں ہے۔ کراچی سب کا شہر ہے، یہ صرف سندھ والوں کا نہیں ہے اور یہ اس ملک کی معیشت کی شہ رگ ہے اس لئے اس شہر کو سب کو مل کر اوون کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

نیب، ایف آئی اے اور رینجرز کی جانب سے کے ایم سی، کے بی سی اے اور دیگر محکموں میں جو چھاپے مارے جارہے ہیں تو وہ 20 سال پرانا ریکارڈ طلب کررہے ہیں اور 20 سال پہلے میاں نواز شریف اورمشرف کی حکومت تھی۔

ہمارا احتجاج چھاپوں کے خلاف نہیں بلکہ دائرہ اختیار پر ہے۔ کرپشن میں جو بھی ملوث ہے اس کو پکڑا جائے لیکن اس کی آڑ میں پیپلز پارٹی پر دہشتگردی کے الزام کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے، جس نے دہشتگردی کے خلاف ضرب عضب آپریشن کی کھل کر حمایت کی اور پاک فوج کے شانہ بشانہ رہے جبکہ مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں نے آج تک کھل کر ان دہشتگردوں کی کبھی مخالفت نہیں کی ہے۔

کراچی میں ٹرانسپورٹ سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے خصوصی ہدایات ہیں۔ کراچی کے تاجروں اور صنعتکاروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ کراچی کے مسائل کے حل میں ہمارا ساتھ دیں اور مسائل کی نشاندہی کریں ہم ان کے تمام مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس (ایف پی سی سی آئی) کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے آج دعوت دی اور اس شہر، صوبے اور ملک کے مسائل کے حل میں ہمارا ساتھ دینے کا عزم کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس ( ایف پی سی سی آئی) کے مرکزی دفتر میں فیڈریشن کی جانب سے ان کے اعزاز میں بلائی گئی مٹینگ اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر عبدالرحیم جانو، نایب صدر اکرام راجپوت، شاہنواز اشتیاق، شہاب ظفر بلوچ،ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، رفیق سلیمان ، ایڈمنسٹریٹر کراچی و ایم ڈی واٹر بورڈ سجاد عباسی اور دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سے کراچی شہر کو اوون کیا ہے اور نہ صرف کراچی ہم نے ملک بھر کے تمام شہروں اور صوبوں کو بھی اوون کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ 7 سال کے دوران جب سے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت آئی ہے، کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے گئے ہیں اور آج بھی کراچی میں متعدد ترقیاتی کاموں پر دن رات کام کا سلسلہ جاری ہے۔ سید ناصر شاہ نے کہا کہ یہ الزام لگانا کہ ہم اس شہر کو اوون نہیں کرتے وہ سراسر غلط ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نے کراچی میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے مہم جاری رکھی ہوئی ہے، لیکن ہمارے وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں، اس لئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ ہم اسے آؤٹ سورش کریں گے اور اس سلسلے میں ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کو دعوت دی جائے گی اور تمام معاملات کو شفاف انداز میں سرانجام دینے کی غرض سے کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی، جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کو شامل کیا جائے گا اور ان کے ٹینڈرز اور تمام کام عوام کے سامنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی کے ٹرانسپورٹ کے مسئلہ کے حل کو ترجیعی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے جہاں شہر میں گرین بسوں کا آغاز کیا ہے، گو کہ یہ کراچی کے عوام کے لئے آٹے میں نمک کے برابر ہیں لیکن جلد ہی محکمہ ٹرانسپورٹ اور سندھ حکومت کی جانب سے دیگر بسوں کی اسکیموں کو بھی عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔ سابق صدر اور پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور خصوصاً آصف علی زرداری نے جب سابقہ دور میں وفاقی اور سندھ حکومت پیپلز پارٹی کے پاس تھی ، اس وقت بھی ہم نے تمام سیاسی قوتوں کو اپنے ساتھ رکھا اور آج بھی سندھ حکومت میں پیپلز پارٹی کے ہونے کے باوجود ہم نے ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ہمیشہ آن بور لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک کو دہشتگردی کے سنگین مسائل کا سامنا ہے اور دہشتگردوں سے ہمیں بڑا خطرہ ہے اس لئے ہم سب کو ایک پیج پر متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن کے خلاف ہیں لیکن کرپشن کی آڑ میں کسی کو دہشتگرد قرار دینا یا بغیر کسی ثبوت کے کسی کو مورد ٹھہرانا درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات میں آج اگر نیب، ایف آئی اے یا رینجرز کوئی چھاپے مارر رہی ہے تو ہم اس کے خلاف نہیں ہیں بلکہ ہم دائرہ اختیار کے خلاف کارروائی کے خلاف ہیں، انہوں نے کہا کہ ان چھاپوں میں جو ریکارڈ طلب کئے جارہے ہیں، وہ اس دور کے ہیں، جب یہاں حکومت نواز شریف یا پھر مشرف کی تھی۔

پیپلز پارٹی کے دور کے کوئی کرپشن کی فائلیں نہیں مانگی جارہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن کے خلاف ہیں اور اگر مجھ سمیت کسی بھی وزیر یا ایم پی اے یا پھر پارٹی کے رہنماء کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد ہیں تو کارروائی ہو ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ لیکن اس کی آڑ میں پیپلز پارٹی کو دہشتگرد قرار دینے کی کوشش نہ کی جائے اور ہم اس کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات میں گھوسٹ ملازمین کے خلاف کارروائیوں کا آغاز بھی ہم نے کیا ہے اور جلد ہی اس میں بڑے بڑے ناموں کی فہرست عوام کے سامنے لائی جائے گی اور ان میں ایک کا بھی تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے نہیں ہے۔ قبل ازیں ایف پی سی سی آئی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لئے پولیس ، رینجرز اور دیگر امن و امان کی بحالی کے اداروں کی جانب سے کی جانے والی کارروائیاں قابل ستائش ہیں اور اس سے کراچی کے عوام اور بالخصوص یہاں کے تاجروں اور صنعتکاروں میں موجود خوف کی فضا کا خاتمہ ہوا ہے، البتہ اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ سندھ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں اور انشاء اﷲ جلد ہی ہم اس پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے تجاوزات کے خاتمے، صفائی ستھرائی،چارجڈ پارکنگ، پانی اور سیوریج سمیت دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لئے حکومت اور محکمہ بلدیات ہر ممکن کوشش کررہا ہے اور میں تاجروں اور صنعتکاروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ بھی اس کام میں ہمارا ساتھ دیں اور جہاں مسائل ہوں اس کی نشاندہی کریں ہم اس کو حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام صنعتی زونز کا میں خود دورہ کروں گا اور اس میں وزیر صنعت و تجارت کو بھی اپنے ساتھ لے جاؤں گا اور اس سلسلے میں دونوں محکموں کے افسران کے ساتھ ان علاقوں کا دورہ کیا جائے گا اور مسائل کو حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کی جانب سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبوں کا میں خیر مقدم کرتا ہوں اور میں یقین دلاتا ہوں کہ حکومت اس سلسلے میں ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں صنعتکاروں کو یہ بھی دعوت دیتا ہوں کہ وہ کراچی کے عوام کی تفریح کے لئے بنائے گئے پارکس کو گود لیں اور وہاں خوبصورتی کے لئے اقدامات کریں۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر عبدلرحیم جانو نے صوبائی وزیر کی فیڈریشن ہاؤس میں آمد پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج ہم اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور تمام وزرائاس شہر اور ملک کی ترقی کے خواہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کراچی آپریشن کے غیر سیاسی ہونے پر بھی اس کی تعریف کرتے ہیں اور سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں قیام امن کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں بزنس کمیونٹی کو ساتھ لینے پر ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ملک کا ایک اعلیٰ ترین تجارتی پلیٹ فارم ہے اور اس کے نیٹ ورک ملک بھر میں موجود ہے اور اس میں موجود ملک بھر کی 60 سے زائد چیمبر آف کامرس اور 110 سے زائد رجسٹرڈ ٹریڈ یونین اور بالخصوص خواتین چیمبرز کی خواتین کی شرکت کے بعد ہم یہ بات برملا کہہ سکتے ہیں کہ ہم اس ملک کی بقاء اور سالمیت کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے ہم صوبائی وزیر کو اس بات کی مکمل یقین دہانی کراتے ہیں کہ اس شہر کی تاجر اور صنعتکار برادری مکمل طور پر ان کے ساتھ ہے اور ہم مسائل کی نشاندہی سے لے کر اس کے حل میں ہمیشہ ان کے ساتھ ہوں گے۔ اس موقع پر مختلف صنعتکاروں اور تاجروں کی جانب سے محکمہ بلدیات کے حوالے سے اٹھائے گئے سوالات اور اس سلسلیمیں دی جانے والی تجاویز پر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مجھے آج اس بات کی خوشی ہے کہ میں جس مقصد کے لئے یہاں آیا تھا وہ آج پورا ہوا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ تاجر اور صنعتکار برادری، جو کسی بھی ملک کیاہم ستون کی حیثیت رکھتی ہے، وہ آج میرے ساتھ ہے اور میں ان کے ساتھ ہوں۔

متعلقہ عنوان :