پشاور ویلی کے چار شہروں کے درمیان ڈبل کیرج سرکلر ریلوے سروس شروع کرنے پرغور

خیبرپختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ منصوبوں کے اجراء اور نجی سرمایہ کاروں کے ساتھ معاہدوں کیلئے مرو جہ قوانین کی سختی سے پابندی کرے،پرویزخٹک چمکنی سے حیات آباد تک موجودہ ریلوے لائن پر ماس ٹرانسپورٹ سسٹم کے قیام سے متعلق خیبر پختونخوا حکومت کی تجویز وفاقی حکومت نے مسترد کر دی ہے ا وزارت ریلوے کو پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ کے درمیان ڈبل کیرج سرکلر ریلوے نظام قائم کرنے کیلئے صوبائی حکومت کے مجوزہ منصوبے پر آمادہ کر لیا گیا ہے :وزیراعلی خیبرپختونخوا

منگل 1 ستمبر 2015 22:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (بی او آئی ٹی) کو ہدایت کی ہے کہ وہ نجی شعبہ کی شراکت سے شروع کئے جانے والے منصوبوں کے اجراء اور نجی سرمایہ کاروں کے ساتھ معاہدوں کیلئے مرو جہ قوانین اور قواعد کی سختی سے پابندی کرے۔ انہوں نے بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ پشاور ویلی کے چار شہروں کے درمیان ڈبل کیرج سرکلر ریلوے سروس شروع کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کرنے کے علاوہ بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب سے صوبائی دارالحکومت پشاور میں زیر زمین برق رفتار ریلوے سسٹم قائم کرنے کی پیشکش کا بھی تفصیلی جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے۔

منگل کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں کے پی۔بی او آئی ٹی کے اجلاس کی صدات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ چمکنی سے حیات آباد تک موجودہ ریلوے لائن پر ماس ٹرانسپورٹ سسٹم کے قیام سے متعلق خیبر پختونخوا حکومت کی تجویز وفاقی حکومت نے مسترد کر دی ہے اس لئے مواصلات کے شعبے میں ان تمام تجاویز پر اپنی توانائیاں صرف نہ کی جائیں جنہیں وفاقی حکومت نے ناقابل عمل قرار دے دیا یا ان پر غور میں لیت و لعل سے کام سے کام لیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزارت ریلوے کو پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ کے درمیان ڈبل کیرج سرکلر ریلوے نظام قائم کرنے کیلئے صوبائی حکومت کے مجوزہ منصوبے پر آمادہ کر لیا گیا ہے اسلئے اس منصوبے پر کام تیز کر دیا جائے۔ اجلاس کے دوران دبئی انوسٹمنٹ روڈ شو کے نتائج، مالم جبہ تفریحی پراجیکٹ میں پیش رفت اور سیاحت، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں دیگر مجوزہ منصوبوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کے آغاز میں رکاوٹیں دور کرنے اور ان پر کام کی رفتار تیز کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔

ان منصوبوں میں جنوبی اضلاع میں آئل ریفائنری کا قیام، نتھیا گلی تھیم پارک، ہنڈ، ضلع صوابی میں ٹورسٹ تفریحی پارک، ایوبیہ پارک، ناران چیئرلفٹ اور بھیڑ بکریوں اور کھجوروں کے فارم شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ان منصوبوں کیلئے سرمایہ کاروں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کر دیا گیا ہے اور ان کی بولی کا عمل بھی جلد شروع ہو گا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بورڈ کو سختی سے ہدایت کی کہ مختلف منصوبوں کیلئے نجی سرمایہ کاروں کے ساتھ معاہدوں کے وقت مروجہ قواعد اور قوانین پر سختی سے عمل کرے اور اس مقصد کیلئے قانونی ماہرین کی مستقل خدمات حاصل کرے۔ انہوں نے بورڈ اور محکمہ جنگلات سے کہا کہ وہ مالم جبہ منصوبے کی اراضی کے متنازعہ حصہ کے حصول کیلئے بھی اقدامات کرے۔