Live Updates

صوبے کے 20لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کا ہدف مقرر کیاہے،پنجاب حکومت نے نوجوانوں کے روشن مستقبل اور انہیں بااختیار بنانے کے پروگراموں کیلئے مالی سال 2015-16ء کے بجٹ میں اربوں روپے مختص کیے ہیں، 31ارب روپے کی لاگت سے اپنا روزگار سکیم کے تحت نوجوانوں میں شفاف طریقے سے 50ہزار گاڑیاں تقسیم کی جارہی ہیں

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی لندن میں مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

منگل 1 ستمبر 2015 22:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا روشن مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں بااختیار بنا کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے،پنجاب حکومت نے نوجوانوں کے روشن مستقبل اور انہیں بااختیار بنانے کے پروگراموں کیلئے مالی سال 2015-16ء کے بجٹ میں اربوں روپے مختص کیے ہیں،آئندہ 3 برس کے دوران صوبے میں 20لاکھ نوجوانوں کومارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مختلف فنون کی تربیت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس ضمن میں نوجوانوں کو اندرون اوربیرون ملک روزگار کے قابل بنانے کیلئے فنی تربیت کا بڑا پروگرام ترتیب دیا گیاہے، سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں نوجوانوں کو فنی تربیت دی جاچکی ہے اوراس شاندار پروگرام کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع تک پھیلایا جارہا ہے،ہنر مند افرادی قوت کسی بھی ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے میں کلیدی اہمیت رکھتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند فورس تیار کرنے پر خصوصی توجہ مرکوزکی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو لندن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت اپنے منشور کے مطابق نوجوانوں کی فلاح اور ترقی کیلئے انقلابی پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔بے روزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں۔ 31ارب روپے کی لاگت سے اپنا روزگار سکیم کے تحت نوجوانوں میں 50ہزار گاڑیاں نہایت شفاف طریقے سے تقسیم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں نوجوانوں کی ترقی کے پروگراموں پر بھر پور توجہ دی گئی ہے اورنوجوانوں کی فلاحی سکیموں کیلئے بجٹ میں اربوں روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیمی نتائج حاصل کرنے والے نوجوانوں میں لیپ ٹاپ سکیم کیلئے ساڑھے پانچ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔پنجاب حکومت پہلے بھی نوجوانوں میں میرٹ اورصرف میرٹ کی بنیاد پر اربوں روپے کے لیپ ٹاپ تقسیم کرچکی ہے اوران لیپ ٹاپس کے ذریعے نوجوان جدید علوم سے آراستہ ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوتھ انٹرن شپ پروگرام کیلئے 2ارب جبکہ ’’خود روزگار سکیم‘‘ کیلئے بھی 2ارب روپے رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان خوش قسمت ملک ہے جس کی 60فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے او ر یوتھ کو بااختیار بنانے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے-نوجوانو ں کو با اختیار بنانا اور روز گار کے مواقع کی فراہمی پنجاب حکومت کی گروتھ سٹریٹجی کا اہم جز ہے- انہوں نے کہاکہ ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے تعلیمی فنڈ کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد ایسے ذہین بچے اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہے ہیں جن کے والدین اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل نہیں رکھتے- بلاشبہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے بے وسیلہ ذہین طلباء وطالبات اعلیٰ تدریسی اداروں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے فنی تعلیم کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کیے ہیں ۔ پنجاب حکومت کے نوجوانوں کی ترقی کیلئے کیے گئے اقدامات اورانہیں بااختیار بنانے میں سود مند ثابت ہوں گے۔ وفد کے اراکین نے نوجوانوں کی ترقی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی ترقی کے پروگراموں کیلئے خطیر فنڈز مختص کیے ہیں ۔نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے پروگراموں سے نوجوان نسل کو فائدہ ہوگا۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :