نجی ہسپتال کے تیسرے فلور میں آگ بھڑک اٹھی،30سے زائد متاثرہ مریض مختلف ہسپتالوں میں منتقل

منگل 1 ستمبر 2015 21:20

ملتان ۔یکم ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء)خانیوال روڈ پر واقع نجی ہسپتال کے الیکٹرک پینل میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی جس سے ہسپتال کے تیسرے فلور میں دھواں پھیل گیاتاہم کسی قسم کاجانی نقصان نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122کے ترجمان کے مطابق خانیوال روڈ میپکو آفس کے سامنے واقع نجی ہسپتال کے لفٹ کے الیکٹرک پینل میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعدمریضوں اوران کے لواحقین نے اپنی مدد آپ کے تحت نکلنے کی کوشش شروع کردی۔

اس دوران ریسکیو1122کی پانچ سے زائد گاڑیاں بھی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ گئیں اورانہوں نے امدادی کام شروع کردیا۔تیسرے فلور کے شیشے توڑ کر ریسکیو کا عملہ اندرداخل ہوا اور متاثرہ مریضوں کو فوری طورپر باہرنکال کر انہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ایک گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیاگیا۔